مہنگا ئی کے با عث عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ، مہر سلطانہ ایڈووکیٹ

January 15, 2021

پشاور(لیڈی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی سیکرٹری اطلاعات مہر سلطانہ ایڈووکیٹ نے مہنگائی کی شرح اور بیروزگاری میں اضافے پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ملک میں اس قدر مہنگائی بڑھ چکی ہے کہ عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے جس کی واضح مثال عوام کی بڑی تعداد میں پی ڈی ایم کے جلسوں میں شرکت ہے جو موجودہ نا اہل اور نالائق حکومت سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے حوالے سے مہر سلطانہ ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ناقص اور غلط پالیسیوں کے باعث ملک بربادی کی طرف جارہا ہے اور ترقی کے اس دور میں ملک کو جہالت کی طرف دھکیلا جا رہا ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مزید عوام کو مسائل کی دلدل میں نہ دھکیلیں اور اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہو جائیں تاکہ اہل حکمران آکر ملک کی بھاگ دوڑ سنبھالیں اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں کیونکہ ٹوئٹر کے ذریعے حکومتیں نہیں چلائی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو اپنے ترجمانوں کی فوج سب اچھا ہے کی رپورٹ دے کر ملک و قوم کے ساتھ زیادتی کر رہا ہے اگر وزیر اعظم عمران خان بنی گالا سے نکلیں اور عوام میں جا کر مسائل کا اندازہ کریں تو ان کو اپنی اور حکومتی کارکردگی کا پتہ چل جائیگا۔