ٹرانسپورٹ آفیسرکو توہین عدالت مقدمے میں نوٹس

January 15, 2021

پشاور(نیوزرپورٹر) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج شاہد محمود نے افغان مہاجرین کمشنریٹ پشاور کے ٹرانسپورٹ آفیسرکو توہین عدالت مقدمے میں نوٹس جاری کر تے ہوئے 21 جنوری کو عدالت طلب کرلیا۔ ٹرانسپورٹ آفیسر نورشاد پر الزام ہے کہ محکمہ افغان مہاجرین کمشنریٹ پشاور کی ڈپٹی ڈائریکٹر شہناز بیگم کی اپیل پرعدالت نے 9جنوری کو ان سے سرکاری گاڑی واپس لینے سے روکا تھا لیکن عدالتی احکامات کے باوجود ٹرانسپورٹ آفیسر نے 11جنوری کو گھر سے گاڑی اپنی تحویل میں لی۔دوران سماعت درخواست گزارہ کے وکیل سلیم شاہ ہوتی نے عدالت کو بتایا کہ شہناز بیگم نے نورشاد کو عدالتی احکامات دکھائے مگر اس نے پراوہ نہیں کی۔جسکے بعد شہناز بیگم نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ٹرانسپورٹ آفیسر نورشاد توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں لہذا اسکے خلاف کارروائی کیجائے۔عدالت نے ٹرانسپورٹ آفیسر کو نوٹس جاری کر تے ہوئے انکو 21جنوری کو عدالت طلب کرلیا۔واضح رہے کہ توہین عدالت میں 6ماہ تک قید اور جائیداد کی قرقی بطور سزا ہے۔