رض احمد نے خاموشی سے شادی کرلی

January 15, 2021

پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رض احمد نے ناولسٹ فاطمہ فرحین مرزا سے خاموشی سے شادی کرلی۔

انگلینڈ میں مقیم رض احمد نے حالیہ پوڈ کاسٹ میں انکشاف کیا کہ وہ آج کل کیلیفورنیا میں ہیں کیونکہ انکی اہلیہ کی فیملی کا تعلق یہاں سے ہے۔

اس انکشاف نے سب کو ہکا بکا کردیا، تاہم جلد ہی انہوں نے خود اعتراف کیا کہ وہ پہلی مرتبہ اپنی شادی کے حوالے سے بتا رہے ہیں۔

رض احمد کے مطابق انہوں نے کورونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ سے بچاؤ کیلئے لگے لگے لاک ڈاؤن کے دوران شادی کی، شادی کی تقریب کو مختصر رکھا گیا اور تمام تر ایس او پیز کو فالو کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنی نجی زندگی سے متعلق باتیں منظرِ عام پر لانا پسند نہیں کرتا کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ اس کا میرے کیرئیر سے متعلق کوئی لینا دینا نہیں۔

شادی کی سادہ سی تقریب سے متعلق بتاتے ہوئے رض احمد نے کہا کہ ’بالکل وبا کی انتہا پر ہم نے شادی کا فیصلہ کیا اور میرا خیال سے یہ میری زندگی کا بہترین فیصلہ تھا کیونکہ ہم نے گھر میں ہی ایک چھوٹی سی تقریب کا انعقاد کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس تقریب کی سب سے مزیدار بات یہ تھی کہ میرے آس پاس کوئی 500 خواتین نہیں تھیں جو مجھے پیار دیتے ہوئے شادی کی مبارکباد دیتیں، لیکن میں ان تمام خواتین سے معذرت خواہ ہوں کے وہ میری شادی میں نہیں آسکیں۔

38 سالہ اداکار رض احمد جن کا پورا نام رضوان احمد ہے، ان کا تعلق ایک پاکستانی نژاد برطانوی خاندان سے ہے جو لندن میں پیدا ہوئے۔

انہیں اپنی لمیٹڈ سیریز ’دی نائٹ آف‘ کے لیے بہترین اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ایمی ایوارڈ کے میلے میں رضوان احمد کو بہترین اداکار کا ایوارڈ کرائم ڈراما سیریز ’دا نائٹ آف‘ میں غیر معمولی اداکاری پرملا۔ انہوں نے اس ڈرامے میں پاکستانی طالب علم کا کردار ادا کیا تھا۔