فاسٹ باؤلر اور کوچز تنازع پاکستان کرکٹ کی پرانی روایت ہے: شاہد آفریدی

January 15, 2021

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ فاسٹ باؤلرز اور کوچز تنازع پاکستان کرکٹ کی پرانی روایت ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کے مستقبل کے حوالے سے بورڈ کو کھلاڑیوں سے خود بات کرنی چاہئے۔

محمد عامر کے حوالے سے شاہد آفریدی نے کہا کہ بورڈ کو محمد عامر کو آگاہ کرنا چاہیے اور عامر کو بلا کر مسئلہ ختم کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کا کردار ہمیشہ ایک والد کی طرح ہوتا ہے، بورڈ والد کی طرح کھلاڑیوں کو اپنے بچے سمجھ کر بات کرے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ کوچز صرف سکھانے کا نام نہیں، کھلاڑیوں کو حوصلہ اور سپورٹ دینی پڑتی ہے، ملک کی عزت کی خاطر مل کر کام کرنا چاہیے ۔

سابق کپتان کا کہنا تھا ٹی ٹوئنٹی کی پرفارمنس پر کھلاڑیوں کو ون ڈے اور ٹیسٹ کرکٹ کھلائی جا رہی ہے، جو دیکھ رہا ہوں نیا ٹیلنٹ آئندہ کچھ عرصے میں غائب ہو جائے گا۔