پریانکا نے بچوں کی تعداد سے متعلق بیان کی وضاحت کردی

January 15, 2021

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ اور امریکی اداکار اور گلوکار نک جونس کی اہلیہ پریانکا چوپڑا یوں تو تین کتوں (ڈیانا، جینو اور پانڈا) کی والدین کی طرح پرورش کررہے ہیں۔ لیکن نہ تو ان کے پرستار اور نہ ہی ان کے خیرخواہ اور ہمدرد اس صورتحال سے مطمئن ہیں۔

وہ چاہتے ہیں کہ ہالی ووڈ کے اس طاقتور اور مشہور جوڑے کے یہاں ان کے اپنے بچے ہوں، ان کے چاہنے والوں نے دونوں کی عرفیت بھی تجویز کررکھی ہے جسکے مطابق نک کو نکیز اور پریانکا کو پریز بلایا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ گھر میں بچوں کی پیدائش کے حوالے سے ایک بار پریانکا نے کہا تھا کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کے اتنے بچے ہوں کہ ایک کرکٹ ٹیم بن جائے۔

تاہم اب انھوں نے اپنی اس خواہش کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے یہ بات دس برس قبل کہی تھی جب ان کی نک سے شادی بھی نہیں ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ ان دنوں وہ آنے والی فلم کی تکمیل میں مصروف ہیں اور اس سلسلے میں وہ برطانیہ گئی ہوئی ہیں، جہاں انھیں گزشتہ دنوں لاک ڈاؤن کی وجہ سے کافی مشکل کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔