جھانوی اپنے والد بونی کپور سے جھوٹ بول کر کہاں گئی تھیں

January 15, 2021

بالی ووڈ کے پروڈیوسر بونی کپور اور آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی بیٹی جھانوی کپور نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے کم عمری میں ایک بار اپنے والد سے جھوٹ بول کر لاس ویگاس کا خفیہ طور پر دورہ کیا تھا۔

انھوں نے یہ بات کرینا کپور خان کے چاٹ شو میں ایک گفتگو کے دوران بتائی اور کہا کہ انھوں نے اپنے والد سے ایک فلم دیکھنے جانے کا کہہ کر گھر لاس اینجلس سے نکلی اور بجائے اسکے کہ وہ فلم دیکھنے جاتیں ایک فلائٹ لیکر وہ امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس پہنچ گئیں اور سارا دن شہر میں گھومتی رہیں اور دوسری صبح واپس گھر پہنچیں۔

انکا کہنا تھا کہ وہ ایک باغی بچی تھیں اس لیے انھوں نے یہ حرکت کی، تاہم گزشتہ دنوں میں نے اپنے والد کو یہ بات بتائی اور کہا کہ میں آپ سے جھوٹ بول کر فلم دیکھنے جانے کے بجائے لاس ویگاس پہنچ گئی تھی۔

اپنی بہن خوشی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ ان میں اور انکی بہن میں جنریشن گیپ ہے اور وہ خود کو اپنی بہن کے مقابلے میں پتھر کے عہد کا انسان سمجھتی ہیں اور بعض اوقات تو میں خود کو مما کی مما (ماں کی والدہ) سمجھتی ہوں۔