ڈومیسٹک کرکٹ کو عزت مل گئی، جنوبی افریقا سے ٹاکرا، پاکستانی اسکواڈ میں 9 نئے چہرے شامل

January 16, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جنوبی افریقا کے خلاف سیر یز کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے کارڈ شو کردئیے۔ نئے چیف سلیکٹر محمد وسیم اور ان کے ساتھیوں نے نئے کھلاڑیوں پر بھروسا کیا ہے۔ جمعے کو 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا۔ سلیکشن کمیٹی نے ڈومیسٹک کرکٹ کو عزت دیتے ہوئے سیزن کے نو ٹاپ پرفارمرز کو قومی ٹیم میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ خاص طور پر فاسٹ بولر تابش خان کی قسمت کھل گئی، وہ طویل عرصے سے ڈومیسٹک کرکٹ میں تسلسل سے عمدہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے پر دستک دے رہے تھے۔ توقعات کے مطابق دورئہ نیوزی لینڈ میں ناکام رہنے والے اوپنر شان مسعود، مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل اور پیسر محمد عباس کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ فاسٹ بولر سہیل خان دورے نیوزی لینڈ میں کھیلے بغیر ہی باہر ہوگئے۔ چیف سلیکٹر کے مطابق فاسٹ بولر نسیم شاہ کو ہیمسٹرنگ میں کھنچائو کے سبب زیر غور نہیں لایا گیا جبکہ ظفرگوہر بھی اسکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے ہیں۔ منتخب ہونے والے تمام کھلاڑی 19 جنوری کو بائیو سیکیور ببل میں داخل ہونگے۔ 16 رکنی حتمی اسکواڈ کا اعلان پہلے ٹیسٹ میچ سے قبل کردیا جائے گا۔ 9 نئے کھلاڑیوں میں اوپنرز عبداللہ شفیق، عمران بٹ، مڈل آرڈر بیٹسمین کامران غلام، سلمان علی آغا، سعود شکیل، اسپنرز نعمان علی، ساجد خان ، فاسٹ بولرز تابش خان اور حارث رؤف شامل ہیں۔ آل اؤنڈر حسن علی کی دو سال بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ قائداعظم ٹرافی میں حسن علی کو ٹورنامنٹ اور فائنل کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے قائداعظم ٹرافی میں 43 وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ 273رنز بھی بنائے تھے۔ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں کم بیک کرنے والے دوسرے کھلاڑی محمد نواز ہیں، جنہوں نے قائد اعظم ٹرافی میں 744 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 22وکٹیں اپنے نام کیں۔ انہوں نے ایونٹ کے دوران دو مرتبہ ایک اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اعلان کردہ بیس رکنی اسکواڈ میں دو آل راؤنڈرز محمد نواز اور فہیم اشرف کے علاوہ تین اوپنرز، چھ مڈل آرڈر بیٹسمین، دو وکٹ کیپرز، تین اسپنرز اور چار فاسٹ بولرز شامل ہیں۔ کھلاڑیوں میں اوپنرز عابد علی، عمران بٹ ، عبداللہ شفیق، مڈل آرڈر بیٹسمین بابر اعظم (کپتان) ، اظہر علی ، فواد عالم، کامران غلام، سلمان علی آغا، سعود شکیل، آل راؤنڈرز فہیم اشرف، محمد نواز ، وکٹ کیپرز محمد رضوان (نائب کپتان )، سرفراز احمد، اسپنرز نعمان علی ، ساجد خان ، یاسر شاہ، فاسٹ بولرز حارث رؤف، حسن علی ، شاہین شاہ آفریدی اور تابش خان شامل ہیں۔