مصباح کوچنگ کو عزت دیں، گراس لیول پر سیکھیں، عاقب جاوید

January 16, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) قومی کر کٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔ عاقب جاوید نے کہاکہ مصباح الحق کی اب ٹیم کے ساتھ بورڈ میں بھی پہلے جیسی عزت نہیں رہی، وہ دیوار کے ساتھ لگ چکے ہیں۔ مصباح الحق کوچنگ کے شعبے کو عزت دیں، گراس روٹ سطح پر کام کرکے کوچنگ سیکھیں، کرکٹ کمیٹی کی جانب سے وارننگ کے بعد ہوم سیریز کے باوجود ٹیم مینجمنٹ کے لیے پرفارم کرنا مشکل ہوگا۔کوچز کے انتخاب میں بورڈ نے درست طریقہ کار اختیار نہیں کیا تھا، مصباح کو بغیر کسی تجربے کے کوچ لگانے کا عمل ٹیم کے ساتھ مذاق ہے۔ ہوم سیریز میں جنوبی افریقا کے خلاف بہتر پرفارمنس کی امید ہے، اگر یہاں یہ جیت جاتے ہیں تو پھر باہر جاکر پھر وہ ہی رزلٹ آئیں گے۔ دوسری جانب شاہد آفریدی نے انہیں اسکول کی سطح کے کوچ کے برابر بھی درجہ نہیں دیا، تاہم مصباح کی پاکستان کیلئے بڑی خدمات ہیں، لیکن ٹیم میں تھوڑی دلیری ہونا چاہیے، مرغی کا دل لیکر انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی جاسکتی۔