تمام ہیروز کیپس نہیں پہنتے کچھ پیلی جیکٹ بھی پہنتے ہیں، فرحان سعید

January 16, 2021

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پولیو ورکرز کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے گزشتہ روز پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے پروگرام کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پاک فائٹس پولیو کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی تھی۔اس ویڈیو میں 2خواتین پولیو ورکرز کو آزاد کشمیر میں انتہائی سرد موسم میں ارد گرد کئی فٹ برف کے درمیان راستہ بناتے ہوئے آگے بڑھتے نظر آئیں۔ٹوئٹ میں پاک فائٹس پولیو کی جانب سے کہا گیا کہ ہمارے فرنٹ لائن پولیو ہیروز رکتے نہیں ہیں۔مزید کہا گیا کہ آزاد کشمیر میں انتہائی سرد موسم میں یہ بہادر خواتین بچوں کو ویکسینز پلانے کے لیے کئی فٹ برف میں اپنا راستہ بناتے ہوئے جارہی ہیں۔اب اداکار و گلوکار فرحان سعید نے یہی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ان پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا ہے جو موسم کی پروا کیے بغیر اپنے فرض کی انجام دہی میں مصروف ہیں۔اپنی ٹوئٹ میں فرحان سعید نے ملک میں اس مہلک وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مصروف پولیو ورکرز کے عزم کو سراہا۔ فرحان سعید نے لکھا کہ تمام ہیروز کیپس نہیں پہنتے کچھ پیلی جیکٹ بھی پہنتے ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ کے ادارے بین الاقوامی چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کی جانب سے بھی ان خواتین پولیو ورکرز کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔یونیسیف کی جانب سے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کچھ کہا گیا نہیں بلکہ EveryDayHeroes# کا ہیش ٹیگ استعمال کیا گیا ہے۔خیال رہے کہ پاکستان دنیا میں پولیو سے متاثر 2 ممالک میں سے ایک ہے جبکہ دوسرا ملک اس کا پڑوسی افغانستان ہے۔