ہمارے صبر کا امتحان نہ لو، بھارتی آرمی چیف کی چین کو دھمکی

January 16, 2021

کراچی (نیوز ڈیسک)بھارتی آرمی چیف نے چین کو دو ٹوک پیغام دیا ہے کہ وہ اس کے صبر کا امتحان نہ لے۔ دوسری جانب بھارتی فوج نے چین کے ساتھ کشمکش کے درمیان 5 ہزار کروڑ روپے کی ہنگامی خریداری کرلی۔مشرقی لداخ میں سرحدی کشمکش پر بھارتی آرمی چیف جنرل منوج موکنڈ نروانے کا کہنا ہے کہ بھارت بات چیت کے ذریعے متنازع لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے ساتھ صورتحال کا حل نکالنے کیلئے پر عزم ہے لیکن کسی کو بھی بھارت کے صبر کا امتحان نہیں لینا چاہئے۔ شمالی فوج کے سابق کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بی ایس جسوال (ر) کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے واضح الفاظ میں چین کو آگاہ کیا ہے کہ بھارت کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال کے لئے تیار ہے؛ پیغام واضح ہے کہ اگر اقدام ضروری ہوجائے تو بھارت لداخ سیکٹر میں ضروری اقدامات کرے گا۔ دوسری جانب چین کے ساتھ فوجی تنازع اور پاکستان کے ساتھ کنٹرول لائن (ایل او سی) پر کشیدگی میں اضافہ کے نتیجے میں بھارتی آرمی نے اپنی توپوں وغیرہ کی استعداد میں اضافے کیلئے 18 ہزار کروڑ روپے خرچ کردئیے ہیں جن میں گزشتہ سال 5 ہزار کروڑ مالیت کی ہنگامی خریداریاں شامل ہیں۔ بھارتی آرمی ڈے سے خطاب کے دوران بھارتی آرمی چیف نروانے کا کہنا تھا کہ 5 ہزار کروڑ مالیت کی خریداری ہنگامی شقوں کے تحت کی گئی۔ بھارتی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ’آپریشن سنو لیوپرڈ‘ کے نام سے لداخ میں کارروائی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تاکہ فیملی پنشن کی فراخی، جنگی زخم کے عنصر اور جو کارروائی میں زخمی یا مارے جائیں ان کیلئے اضافی رقم کو یقینی بنایا جائے۔