پی ایچ ڈی مقالے جانچنے کا اختیار ملکی پروفیسرز کو مل گیا

January 16, 2021

کراچی( سید محمد عسکری) ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک میں اعلیٰ تعلیم یافتہ اسکالر اور پروفیسرز کی بڑی تعداد کے پیش نظر انھیں پی ایچ ڈی مقالات جانچنے کا اختیار تقویض کردیا ہے اس سے قبل یہ اختیار غیر ملکی ماہرین کو حاصل تھا اور پی ایچ ڈی کرنے والے طالبعلم کے مقالے جانچ کے لیے دو ماہرین کے پاسبیرون ملک بھیجے جاتے اور عموماً انھیں چانچنے میں کئی کئی ماہ لگ جاتے تھے۔ اعلی تعلیمی کمیشن کی ترجمان عائشہ اکرم نے جنگ کو بتایا کہ پی ایچ ڈی مقالات ماہرین یا منتخب سینئر پاکستانی فیکلٹی جس میں ممتاز قومی پروفیسرز، میریٹوریس پروفیسرز اور ٹینور ٹریک پروفیسرز شامل ہیں کو بھی بھیجے جاسکیں گے انھوں نے کہا کہ تبدیلی میں منطق یہ ہے کہ ہمارے ملک میں اعلی تعلیم یافتہ اسکالرز کی تعداد بہت ہے جو پی ایچ ڈی مقالے جانچنے کی مکمل اہلیت رکھتے ہیں۔ ادہر جنگ کو معلوم ہوا ہے کہ اگر پی ایچ ڈی کا امیدوار اپنی مقالے کی تحقیق پرچےکے ساتھ شائع کرتا ہے تونظرثانی شدہ جریدہ جسے ایچ ای سی نے زمرہ X یا اس سے اوپر کے زمرے میں درجہ بندی کیا ہے ، پی ایچ ڈی مقالہ کے لئے صرف ایک بیرونی ماہر کی تشخیص کی ضرورت ہوگی۔