لاہور ہائیکورٹ میں ججوں کی بھرتیوں میں تاخیر سے کام کا بوجھ بڑھ گیا

January 16, 2021

اسلام آباد (طارق بٹ) لاہور ہائی کورٹ میں ججوں کی بھرتیوں میں تاخیر سے کام کا بوجھ بڑھ گیا۔ چند ماہ میں خالی اسامیوں کی تعداد 24 ہوجائے گی، 30 نومبر تک 188241 مقدمات زیرالتوا تھے۔ تفصیلات کے مطابق، لاہور ہائی کورٹ میں ججوں کی خالی اسامیوں کی تعداد آئندہ چند ماہ میں 24ہوجائے گی۔ چیف جسٹس محمد قاسم خان 5 جولائی، 2021 میں ریٹائر ہوجائیں گے۔ اسی طرح جسٹس عاطر محمود 8 مارچ کو، جسٹس محمد طارق عباسی 30 مارچ کو اور جسٹس چوہدری مشتاق احمد 6 اپریل کو ریٹائر ہورہے ہیں۔ لاہور ہائی کورٹ میں طویل عرصے سے ججوں کی 20 اسامیاں خالی ہیں، جس کی وجہ سے کام کا دبائو بڑھتا جارہا ہے۔ آخری بار لاہور ہائی کورٹ میں ججوں کی بھرتیاں 27 ماہ قبل ہوئی تھیں۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ججوں کی کمی کی وجہ سے مقدمات تعطل کا شکار ہورہے ہیں۔