بیشتر ممالک میں دوران کورونا انسانی حقوق کی پامالیاں بڑھ گئیں، ہیومن رائٹس واچ

January 16, 2021

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)کورونا کی آڑ میں انسانی حقوق کی صورتحال ابتر ہوئی اور اظہار رائے کوسلب کرنے کےواقعات کی سطح بھی تشویشناک ہے. ان پامالیوں میں صرف ترقی پزیرہی نہیں ترقی یافتہ ممالک بھی شامل ہیں. اس صورتحال کو سنگین قرار دیتے ہوئے ہیومن رائٹس واچ نےگذشتہ روز جاری اپنی سالانہ رپورٹ میں دنیا کےایک سوسے زائد ممالک میں انسانی حقوق کی صورتحال کا جائزہ پیش کیا،رپورٹ کے مطابق چین، امریکا، پاکستان، بھارت، ایران سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں کورونا کے دوران انسانی حقوق کی پامالیاں بڑھی ہیں، ایچ آر ڈبلیو کے ایگزیکیوٹیو ڈائریکٹر کینتھ روتھ نے کہا کہ امریکی صدر لڈ ٹرمپ نے انسانی حقوق کے مقصد کو پوری طرح ترک کردیا، نو منتخب صدر جو بائیڈن سے اپیل ہے کہ ٹرمپ نے امریکہ کے اندر اور خارجہ پالیسیوں کے ذریعہ بیرونی ممالک کے حوالے سے حقوق انسانی کے متعلق جو رویہ اختیار کیا، اسے تبدیل کرکے اس کی اصل شکل میں بحال کریں۔ ایچ آر ڈبلیو نے اپنی رپورٹ میں داخلی امور کے حوالے سے ٹرمپ کے موقف کی بھی نکتہ چینی کی ہے۔ ان میں امیگریشن سے متعلق پالیسیاں، ماحولیاتی تبدیلی کو نظر انداز کرنا، ہم جنس برادری کے تحفظ سے متعلق قوانین کو کالعدم قرار دینا وغیرہ شامل ہیں۔