دبئی سے آنیوالی پرواز سے سمگل شدہ 1360موبائل برآمد

January 16, 2021

اسلام آباد ( کامرس رپورٹر ) اسلام آباد ائر پورٹ پر کسٹم حکام نےدبئی سے آنیوالی پرواز سے سمگل شدہ 1360موبائل فون ، 14آئی پیڈز، 6گیمز پکڑلیں ۔7افراد کو گرفتار کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ۔ دبئی سے اسلام آباد ائر پورٹ پر آنیوالی پرواز پی کے 134دھند کے باعث پشاور بھیج دی گئی تھی اور موسم ٹھیک ہونے پر دوبارہ اسلام آباد ائر پورٹ آئی ، کسٹم حکام نے مشکوک تھیلے کی تلاشی لی تو بڑی تعداد میں موبائل فون برآمد ہوئے جس پر سمگلنگ میں ملوث مسافروں محمد عظیم سیالکوٹ ، نبیل احمد کراچی ، حسن علی سیالکوٹ ، محمد راشدسرگودھا ، نعمان حسین فیصل آباد، محمد ظفر لودھراں ، ظفر اقبال وہاڑی کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ کسٹم حکام کی ایک شفٹ کی مبینہ ملی بھگت سے سمگلنگ ہورہی تھی لیکن پرواز کی تاخیر کے باعث شفٹ تبدیل ہوگئی اور دوسری شفٹ آنے سے سمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی گئی ۔ اس حوالے سے اے سی کسٹم ائر پورٹ شکیل گوندل نے بتایا کہ موبائل سمگلنگ کی پہلے سے اطلاعات تھیں تاہم مسافروں سے تحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ تبدیل ہونیوالی کسٹم شفٹ میں شامل اہلکاروں کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔