نوجوان کے گلے میں زنجیر ڈالنا اور وڈیونا بنانا کہاں کا انصاف‘جمعیت ن

January 16, 2021

کوئٹہ(آن لائن)جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستار چشتی ‘صوبائی سیکرٹری اطلاعات مولوی رحمت اللہ، ضلعی امیر قلعہ عبداللہ حافظ عبدالواحد ہاشمی، جنرل سیکرٹری مولوی عتیق اللہ ودیگر نے گڑنگ چیک پوسٹ واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لیویز اہلکاروں کے ناروا سلوک سے انسانیت شرما گئی ‘ایک مسلمان کے گلے میں زنجیر ڈال کے اسے بھونکنے پر مجبور کرنا اور ویڈیو بنانا کہاں کاقانون ہے اس عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔قانون کے پاسدار خود جب قانون کی دھجیاں اڑا ئیں گے تو پھروہ کس سے قانون کی پاسداری کی توقع رکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ واقعہ پرمتعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی کریں۔قانون نے کبھی اس طرح کے ناروا سلوک کی اجازت نہیں دی ،واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن تشکیل کرکے تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ لیویز اور پولیس میں اصلاحات لانا ناگزیر ہو چکا ہے‘ ایسے عمل سے امن دشمن قوتوں کو موقع مل رہا ہے ۔