کسی کو تعلیمی ماحول خراب کرنے نہیں دینگے‘بی ایس اے سی

January 16, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان اسٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی، بی ایس او اوربی ایس او پجار کے رہنماوں سخی فضل بلوچ، حئی بلوچ اور دیگر نے کہا ہے کہ میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ضلعی اور ڈویژنل میرٹ سسٹم پر عمل کیا جائےکچھ لوگ ذاتی مفادات کیلئے برادر اقوام کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوششیں کررہے ہیں جس میں وہ کامیاب نہیں ہونگے یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی انہوں نے بولان میڈیکل کالج کوئٹہ کی داخلہ پالیسی سے متعلق پروپیگنڈے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ پروپیگنڈہ ایک سازش کے تحت خاص موقع پر کیا جارہا ہے تاکہ بلوچستان میں آباداقوام کے درمیان غلط فہمی پیدا کرکے تعلیمی ماحول کو خراب کیا جائےانہوں نے کہا کہ پرنسپل بی ایم سی پروفیسر ظاہر خان مندوخیل نے سابقہ تعلیمی پالیسی کو جاری رکھتے ہوئے پاکستان میڈیکل کمیشن کی طرف سے اضافی نشستوں کی منظوری کے بعد تمام اضلاع کی بنیادی آبادی کے تحت سیٹوں کو تقسیم کرتے ہوئے احسن اقدام اٹھایا ہے جسے ہم سراہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میڈیکل کالج سے اب تک 7ہزارمقامی ڈاکٹر فارغ ہوچکے ہیں جبکہ 538 ڈینٹل سرجن بھی دیئے جو ایک اعزاز ہے ڈینٹل کی سیٹوں کی ضلعی تقسیم سے اب ان تمام اضلاع میں ڈاکٹرز کی افرادی قوت میں اضافہ ہوگاپراسپیکٹس کا جائزہ لینے سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ کسی ضلع کے ساتھ نا انصافی نہیں ہوئی۔