گردشی قرضوں کا بڑھتا رجحان معیشت کو زمین بوس کردیگا‘عمرانی

January 16, 2021

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ گردشی قرضوں کا بڑھتا ہوا رجحان اور عالمی مالیاتی اداروں سے لئے قرض کی شرح سود میں مسلسل اضافہ ملکی معیشت کو زمین بوس کردیگا اس تمام تر دیوالیہ پن کی ذمہ دار تبدیلی سرکار کی وہ ناقص پالیسیاں ہوں گی جن کی وجہ سے مستحکم حالت میں ملکی معیشت زبوں حالی سے دوچار ہوئی۔ حکومتی اقدامات تاحال اندھے کی لاٹھی ہی ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی جو پہلے ہی سے خط غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے پر مجبور تھا تبدیلی سرکار کے اقدامات سے اب زندہ درگور ہوچکا ہے۔ انتہائی غیر محسوس طریقہ کار کی وجہ سے اشیاء ضروریہ عام آدمی کی دسترس سے صرف اس لئے دور کی جارہی ہیں کہ وہ ہوشربا مہنگائی کے آسیب میں کچھ اس انداز سے جکڑ لیا جائے کہ وہ حصول رزق اور دو وقت کی روٹی کے حصول سے آگے کی سوچ کے قابل ہی نہ رہے جس کمال مہارت سے ان حربوں کو آزمایا جارہا ہے تبدیلی سرکار کو اس عوام دشمن اقدامات پر داد دینی پڑے گی آئی ایم ایف کی جاری پالیسیاں جو کہ اب ایسٹ انڈیا کمپنی کی مرتب شدہ پالیسیوں میں ڈھل کر اپنا چہرہ بے نقاب کررہی ہیں آنے والے ڈھائی برسوں کے دوران جمہوری اداروں سمیت ہر چیز کو ملیا میٹ کردیں گے ان جاری پالیسیوں کے جو خدوخال تاحال ظاہر ہورہے ہیں ان سے یہ اندازہ لگانا عام آدمی کے لئے بھی مشکل نہیں رہا کہ آئندہ اسی جماعت کو برسراقتدار لایا جائے گا جو قوم کا بچا کچا خون چوس کر آئی ایم ایف کے قرضوں کی قیمت ادا کرنے کا حلف اٹھائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے پر تاخیری حربے اس حقیقت کا ادراک ہوتے ہوئے بھی کہ جب کہ خود تبدیلی سرکار تسلیم کرچکی ہے کہ 23غیر ملکی اکائونٹ سے رقوم ایجنٹ کے ذریعے ملک میں لائی گئی۔