عوام کو بلا امتیا ز طبی امداد کی فراہمی حکومت کاایجنڈ اہے، سید اشتیاق ارمڑ

January 16, 2021

پشاور(جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے جنگلات ، ماحولیات و جنگلی حیات سید محمد اشتیاق ارمڑ نے کہا ہے کہ عوام کو بلا امتیا ز طبی امداد کی فراہمی پاکستان تحریک انصاف حکومت کا ایجنڈ اہے۔ پی ٹی آئی کے پلیٹ فارم سے عوام کی بلا تفریق خدمت کرتے رہینگے اور عوام سے کئے گئے تمام وعدے بتدریج پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔حکومت کا بنیادی مقصد سماجی نا انصافی کا خاتمہ کرنا اور لوگوں کو صحت ، تعلیم اور روزگار کی فراہمی شامل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنیادی مراکز صحت ارمڑ پایاں اور پھندو بالا میں صحت انصاف کارڈ پلس کا اجراء کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم خان جھگڑا ، محکمہ صحت کے حکام کے علاوہ ملک عبد المالک ، ملک نثار اور عمائدین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اشتیاق ارمڑ نے کہا کہ صحت انصاف پروگرام سے تمام لوگ صوبے کے عوام خیبر پختونخوا کے بڑے ہسپتالوں میں مفت صحت سہولیات حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صحت ، تعلیم ، بجلی اورگیس سمیت دیگر اداروں کو مضبوط کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے عملی کام جاری ہیں۔موجودہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود پر اربوں روپوں کے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر عمل پیرا ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی علاقے یا یونین کونسل کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔تقریب سے صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم خان جھگڑا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت سہولیات پروگرام موجودہ حکومت کا انقلابی اور تاریخی اقدام ہے ۔ جس سے خیبر پختونخوا کے عوام اپنے صوبے کے علاوہ دیگر صوبوں میں بھی 10لاکھ روپے تک مفت علاج کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بی ایچ یوز ، رورل ہیلتھ سنٹرز اور ہسپتالوں کو لوگوں کی جیبوں تک پہنچا دیا ہے اب لوگ جیب میں رکھے ہوئے شناختی کارڈ سے 450رجسٹرڈ ہسپتالوں سے اپنا مفت علاج کروا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تمام بی ایچ یوز اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں الٹراساوٗنڈ اور ڈیلیوری سروسز کو فعال کیا جائے گا۔وزیر خزانہ نے بجلی اور گیس کی فراہمی کے حوالے سے کہا کہ 25ارب روپے کا بڑا پیکج منظور ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں حکمرانوں نے عوامی فلاح و بہبود میں کوئی دلچسپی نہیں رکھی جس کی وجہ سے دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کے لوگ بنیادی سہولیات سے محروم تھے سابقہ ادوار کی وجہ سے ملک کو غربت اور بے روزگاری کا تحفہ ملا تھا جو کہ تمام برائیوں کی جڑ ہے لیکن اب پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عمران کے وژن کے مطابق صوبے کی پائیدار ترقی کیلئے جدوجہد کر رہی ہے اور عوام کو صحت انصاف کارڈ پر مفت طبی سہولیات کی فراہمی اس سلسلے کی کڑی ہے۔بعد ازاں صوبائی وزیر نے بنیادی مراکز صحت ارمڑ پایان اور پھندو میں ڈاکٹر کی عدم دستیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں سے وعدہ کیا کہ اس کے بارے میں جلد از جلد تحقیقات کی جائیں گی۔