حکومت جانی خیل کی سکیمیں بروقت مکمل کریگی‘ شاہ محمد

January 16, 2021

بنوں (نما ئندہ جنگ )بنوں اور جانی خیل میں صوبائی حکومت کی جانب سے سکولوں کی تعمیر بوائز ہاسٹل سڑکو ں اور آبنوشی سکیموں کو بروقت مکمل کریگی ،صوبائی حکومت دور دراز اور پسماندہ علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دینے کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے بنوں میں کوئی بھی علاقہ ترقی سے محروم نہیں رہیگا جانی خیل میرا دوسرا گھر ہے یہاں کے عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کرینگے اساتذہ کے تمام جائزہ مسائل کو اولین ترجیح کے طور پر حل کرینگے جو اساتذہ جانی خیل کے سکولوں میں ڈیوٹی سے غیر حاضر پائے گئے تو وہ بوریا بسترہ گول کرکے ضلع بدر کردینگے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان نے جانی خیل میں گورنمنٹ بوائز ہاسٹل کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ملک جان محمد خان حیات اللہ خان وزیر ،ملک مویز خان سمیت دیگر مشران بھی موجود تھے صوبائی وزیر ملک شاہ محمد خان نے کہا کہ حلقہ پی کے89کو ہر دور میں پسماندہ رکھا گیا اور یہاں سے منتخب ہونے والوں نے عوام کے فلاح وبہود اور علاقے کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی جسکی وجہ سے یہاں کے عوام ترقی سے محروم ہوئے تاہم پی ٹی آئی حکومت نے حلقہ پی کے89کو تاریخی منصوبے دیئے اور آج یہاں پر گرلز سکولوں ڈگری کالجز بی ایچ یوز مکمل کئے گئے اور یہاں ے اساتذہ کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی گئی لیکن ہم نے اساتذہ کا ساتھ دیگر اُن کے تمام جائز مسائل اُن کے دہلیز پر حل کئے جبکہ جو مطالبات رہ گئے ہیں اُن کے حل کیلئے ای ڈی او ایجوکیشن کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ حلقے کی تعمیر وترقی کیلئے اب تک 13بڑے رابطہ پلوں اور پانچ ڈگری کالجز 11ہائر سیکنڈری سکولز مکمل کروائے گئے انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت اور وزیر اعلیٰ پسماندہ علاقوں اور مرج ڈسٹرکٹ کی ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کررہی ہے جوکہ قبائلیوں کے ساتھ پی ٹی آئی حکومت کا والہانہ محبت کا ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ جانی خیل سمیت بکا خیل اور دیگر یونین کونسلوں میں تمام تر ترقیاتی منصوبے میرٹ پر مکمل کئے جائینگے اور اس میں کسی بھی علاقے کے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوگی ۔