جنوبی افریقا کی ٹیم سیریز کھیلنے کراچی پہنچ گئی

January 16, 2021


جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم 14 سال بعد پاکستانی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لئے کراچی پہنچ گئی۔

مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ ہوگا، رزلٹ آنے تک پلیئرز قرنطینہ میں رہیں گےاور ٹیسٹ کلیِئر کرنے والے کرکٹرز اتوار سے ٹریننگ کرسکیں گے۔

جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم 2007 ء کے بعد پہلی بار پاکستان پہنچی ہے، ٹیم کی قیادت کوئنٹن ڈی کوک کررہے ہیں جبکہ ٹیم پاکستان میں دوٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

جنوبی افریقی کرکٹرز اور آفیشلز چارٹرڈ طیارے سے پاکستان پہنچے ہیں، پہلے ٹیسٹ سے قبل دونوں ٹیموں کی ایک بار پھر کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ ہوگی۔

اس سے قبل گزشتہ روز ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستان کی ابتدائی 20 رکنی ٹیم کا اعلان کیا گیا تھا جس میں 8 نئے کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقا کا پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے کراچی میں ہوگا۔