بیٹی کی پیدائش کے بعد ویرات کوہلی کی مقبولیت میں اضافہ

January 16, 2021

حال میں ایک ننھی پری کے والد بننے والے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کی ٹوئٹر پر مقبولیت میں اضافہ ہوگیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ویرات کوہلی کو 40 ملین صارفین نے فالو کرلیا ہے جس کے بعد ویرات کوہلی پہلے بھارتی کرکٹر بن گئے ہیں جن کے ٹوئٹر پر 40 ملین فالوورز ہیں۔

ویرات کوہلی کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کا جائزہ لیا جائے تو اُنہوں نے صرف 64 لوگوں کو اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے فالو کیا ہوا ہے جن میں اُن کے عزیز و اقارب شامل ہیں۔

بھارتی کرکٹر اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کرکٹ سے متعلق پیغامات سمیت مختلف پیغامات جاری کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

دوسری جانب اگر ہم ویرات کوہلی کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی بات کریں تو وہاں اُن کے فالوورز کی تعداد 90 اعشاریہ 3 ملین ہے۔

ویرات کوہلی نے انسٹاگرام پر صرف 198 صارفین کق فالو کیا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ویرات کوہلی اور ان کی اہلیہ انوشکا شرما کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

اس حوالے سے خود ویرات کوہلی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو اپنی ننھی پری کی آمد کی اطلاع دی تھی۔

ویرات کے اس بیان کے بعد ہی سوشل میڈیا پر ان اسٹار ماں باپ کے لیے مبارکباد کا ختم نہ ہونے والا سلسلہ شروع ہوگیا۔

خیال رہے کہ 2017 میں کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما نے اٹلی جاکر شادی کی تھی۔

گزشتہ برس دونوں کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا تھا کہ ان کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔