کرک: 6 ماہ میں 1 ارب 90 کروڑ کی گیس چوری کا انکشاف

January 16, 2021

ایک سرکاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ خیبر پختون خوا کے ضلع کرک میں گزشتہ 6 ماہ کے دوران ایک ارب 90 کروڑ روپے کی گیس چوری کی گئی ہے۔

سرکاری رپورٹ کے مطابق مالی سال 20-2019ء میں کرک میں 8 ارب روپے کی گیس چوری کی گئی تھی، گزشتہ مالی سال کی نسبت رواں سال گیس کی چوری میں کمی ہوئی ہے، گیس چوری روکنے کے لیے الگ پولیس اسٹیشنز قائم کیئے گئے ہیں۔

پولیس اور سوئی گیس کی ٹیموں نے مشترکہ آپریشنز کیئے ہیں، گیس چوری کرنے والوں کے خلاف اب تک کُل 237 آپریشنز کیئے گئے ہیں۔

سرکاری رپورٹ کے مطابق گیس چوری کرنے پر 116 مقدمات درج کر کے 163 ملزمان کو گرفتار بھی کیا گیا ہے، گیس چوری کرنے پر 37 فیکٹریاں سیل کی گئی ہیں جہاں سے مزید 33 ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اس ضمن میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختون خوا ڈاکٹر ثناء اللّٰہ عباسی نے ’جیو نیوز‘ سے بات چیت میں بتایا کہ کرک میں پولیس کی کارروائیوں سے گیس چوری میں نمایاں کمی ہوئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گیس کی چوری روک کر قومی خزانے کے 6 ارب روپے بچائے ہیں، کرک میں گیس چوری روکنے کے لیے پولیس اسٹیشنز قائم کیئے ہیں، گیس کی چوری پر پولیس کو فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب اس حوالے سے جنرل منیجر سوئی ناردرن گیس تاج علی خان نے ’جیو نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کرک میں لائن لاسز کا سامنا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وفاقی حکومت نے لائن لاسز روکنے کے لیے سیکیورٹی اہلکار تعینات کرنے کی منظور دی ہے۔