ٹام کروز نے کورونا حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے روبوٹس خرید لیے

January 18, 2021

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)خطرناک اسٹنٹس اور ایکشن کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہولی وڈ اسٹار ٹام کروز کے کورونا سے بچاؤ کے لیے انوکھے اقدام نے لوگوں کو حیران کردیا۔تفصیلات کے مطابق ہولی وڈ اداکار ٹام کروز نے خطیر رقم خرچ کرکے روبوٹس خریدے ہیں جو ان کی فلم کے سیٹ پر کورونا سے متعلق حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیں گے اور اس پر عملدرآمد سے متعلق نظر رکھیں گے۔واضح رہے کہ ٹام کروز ان دنوں اپنی نئی فلم ’مشن امپاسیبل 7‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔کورونا وائرس کے باعث فلم کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوچکی ہے جبکہ ٹام کروز گزشتہ دنوں فلم کے سیٹ پر کرونا وائرس کے باعث سماجی فاصلہ نہ رکھنے والے کریو ممبر پر برس پڑے تھے۔ہولی وڈ اداکار نے دھمکی دی تھی کہ دوبارہ کورونا کےضابطے توڑے گئے تو شوٹنگ چھوڑ کر چلیں جائیں گے۔یاد رہے کہ ٹام کروز کے غصے پر فلم مشن امپاسیبل 7کے سیٹ پر موجود 5 ارکان کام چھوڑ کر چلے گئے تھے، فلم کے سیٹ پر کئی مہینوں سے تناؤ برقرار تھا اور اس سے قبل بھی بعض افراد ٹام کروز کے رویے کے باعث کام چھوڑ کر جاچکے ہیں تاہم انہوں نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا اور فلم کی شوٹنگ میں مصروف رہے۔