نیام لیسن نے ایکشن فلموں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

January 18, 2021

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)ہولی وڈ کے معروف اداکار نیام لیسن نے ایکشن فلموں سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ رواں برس اگر کووڈ 19نے اجازت دی تو وہ فلموں کے علاوہ کئی دیگر سرگرمیاں انجام دیں گے۔شمالی آئر لینڈ سے تعلق رکھنے والے معروف اداکار لیام نیسن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی2زیر تکمیل فلموں کی ریلیز کے بعد ایکشن فلموں سے ریٹائر ہوجائیں گے۔ لیام رواں برس جون میں69سال کے ہوجائیں گے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی عمر سے نصف لڑکوں کی پٹائی کرنے کو بہت مس کریں گے۔لیام کا کہنا تھا کہ وہ مزید سپر ہیروز فلموں میں بھی کام نہیں کریں گے تاہم انہوں نے فلم ونڈر وومن کی ڈائریکٹر پیٹی جینکنز کو کہا ہے کہ وہ چاہیں تو ونڈر وومن 3 میں وہ ونڈر وومن کے والد کا کردار نبھا سکتے ہیں۔ لیام کو اب تک متعدد اکیڈمی اور گولڈن گلوب ایوارڈز کے لیے نامزد کیا جاچکا ہے۔ ان کی تھرلر فلم سیریز ٹیکن نہایت مشہور ہے جو آج بھی شوق سے دیکھی جاتی ہے۔لیام کا کہنا ہے کہ رواں برس وہ فلموں کے علاوہ بہت سی دیگر سرگرمیاں انجام دینے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم اس کا انحصار کووڈ 19 سے پیدا ہونے والے حالات پر ہے۔