زین ملک کے انگریزی گانے میں محمد رفیع کے گانے کے لیرکس شامل

January 18, 2021

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستانی نژاد معروف برطانوی گلوکار زین ملک نے اپنے نئے البم ’نو باڈی از لسننگ‘میں محمد رفیع کے گانے کے لیرکس شامل کرکے مداحوں کوحیران کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گلوکار زین ملک نے اپنے نئے گانے سے حال ہی میں پردہ اٹھایا ہے جس میں انہوں نے محمد رفیع کے گانے کے لیرکس کا استعمال کیا ہے۔5 سال قبل ’ون ڈائرکشن‘ کی ٹیم سے علیحدگی اختیار کرنے والے زین ملک کے نئے انگریزی البم میں شامل گانا ’ٹائٹ روپ‘ میں بھارتی لیجنڈ گلوکار محمد رفیع کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔گلوکار زین ملک نے اپنے گانے میں محمد رفیع کے 60 کی دہائی کے مقبول ترین گیت ’چودہویں کا چاند ہو‘ کے لیرکس اور میوزک کو اپنے گانے میں شامل کیا۔یہ ایک انگریزی گانا ہے اور زین ملک کے اردو بولنے اور سمجھنے والے پرستاروں کے لیے یقیناً بہت بڑا اور خوشگوار سرپرائز ہے۔یاد رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں ہے کہ زین ملک نے ایشیائی دُھن اپنے گانے میں شامل کی ہو، اس سے قبل بھی وہ اپنے گانوں میں اردو لیرکس کو شامل کرتے آئے ہیں۔ واضح رہے کہ زین ملک نے اردو سے متاثر ہوکر ایک فیشن لائن بھی لانچ کی تھی، اپنے ڈیبیو البم مائنڈ از مائن کے ساتھ زین ملک نے ایک فیشن لائن بھی لانچ کی تھی، جن کے ملبوسات پر اردو زبان تحریر ہے۔