ویانا میں ہزاروں شہریوں کا کورونا پابندیوں کے خلاف مظاہرہ

January 18, 2021

ویانا (این این آئی ) آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں تقریبا دس ہزار شہریوں نے حکومت کی طرف سے کورونا وائرس کی وبا کے باعث عائد کردہ پابندیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں حصہ لیا۔ شرکا نے ان پابندیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وفاقی چانسلر سباستیان کرس کی حکومت کے استعفے کا مطالبہ بھی کیا۔ ان مظاہرین میں سے اکثر نے اپنے چہروں پر حفاظتی ماسک بھی نہیں پہنے ہوئے تھے اور انہوں نے حکومتی احکامات کے برعکس ایک دوسرے سے سماجی فاصلہ رکھنے کے ضابطے کی بھی خلاف ورزی کی۔ اس احتجاج میں سابق نائب چانسلر ہائنز کرسٹیان شٹراخے بھی شامل تھے۔ آسٹریا میں موجودہ سخت لاک ڈان کی مدت چوبیس جنوری کو پوری ہو گی۔ اب تک وہاں کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں تقریبا سات ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔