روس نے بھی اوپن اسکائی معاہدے سے دستبرداری کا اعلان کردیا

January 18, 2021

ماسکو ( نیوز ڈیسک) امریکا کے بعد روس نے بھی اوپن اسکائی معاہدے سے دست برداری کا اعلان کردیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی جانب سے اس فیصلے کا اعلان واشنگٹن کے معاہدے سے نکل جانے کے بعد فریقوں کے ساتھ مشاورت کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل 22 نومبر 2020ء کو امریکا باضابطہ طور پر اوپن اسکائی معاہدے سے دستبردار ہوگیا تھا، جس پر35 ممالک نے دستخط کیے تھے اور 2002ء میں اس پر عمل ہوا تھا۔ اوپن اسکائی معاہدے پر دستخط کنندگان کو یہ حق دیا گیا تھا کہ اپنی سرزمین کی حفاظت کے لیے نگراں طیارے اپنے علاقوں میں رکھے تاکہ اسے فوجی کارروائیوں اور ان کی اسٹرٹیجک تنصیبات پر کنٹرول حاصل ہو۔امریکی انخلا کے بعد سے روس معاہدے سے دستبرداری کے لیے طریقہ کار کی حکمت عملی بنانے میں کوشاں تھا۔ وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی انخلا کے بعد ماسکو نے اس معاہدے کو اپنی جگہ پر قائم رکھنے کے لیے بنیادی دفعات کے مطابق مخصوص اقدامات کو آگے بڑھایا، تاہم اب افسوس سے یہ کہا جارہا ہے کہ امریکی غیر ذمے داری سے ہمیں اس معاہدے سے دستبردار ہونا پڑ رہا ہے۔