قرآنی تعلیمات پر عمل کرنے میںنجات ہے،علامہ سجاد رضوی

January 18, 2021

ہیلی فیکس (زاہد انور مرزا) قرآن مجید میں اہل کتاب کا تذکرہ تفصیل سے ہے، حضرت موسیٰ علیہ السلام اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے احوال اور ان کے ماننے والوں کے قصص قرآنی اپنے اندر عظیم عبرتیں اور نصحیتیں لیے ہوئے ہیں،قرآنی تعلیمات پر عمل کرنے میںنجات ہے، ان خیالات کا اظہار علامہ محمد سجاد رضوی، علامہ محمد یعقوب نقشبندی اور علامہ عبدالرحمن جماعتی نے کیا، تینوں شخصیات نے کہا کہ کورونا وبا کے اس مشکل وقت میں جہاں اجتماعات پر پابندی ہے، ضروری تھا کہ لوگوں کے ساتھ رابطہ رکھا جائے اور انہیں اس تکلیف دہ وقت کے اندر مثبت کاموں میں مصروف کرکے ان کی توجہ کا زاویہ تبدیل کیا جائے، ’ایمان ‘ جس کی ذمہ داری چند اسکالرز نے لے رکھی ہے، کی طرف سے مثبت اور اصلاحی پروگرامز کے ذریعے مثبت اور مفید تعلیمات کی فراہمی تسلسل جاری ہے۔ ہم نے نہ صرف مخصوص اسلامی تہواروں پر بلکہ نئے سال اور کرسمس کے حوالے سے بھی پروگرام کیے ہیں جن میں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے احوال جو قرآن مجید نے بیان فرمائے، ان کا تذکرہ ہوا۔ سیدہ مریم ؑ کا ذکر،حضرت موسیٰ علیہ السلام کے حوالے سے اہم معلومات کا آغاز کیا گیا ہے،اس کے علاوہ بنی اسرائیل اور اس دور کے اہم واقعات پر روشنی ڈالی جائے گی اور اس سے حاصل ہونے والے اسباق و مواعظ عوام کے سامنے رکھے جائیں گے تاکہ دنیا کو پتہ چلے کہ قرآن مجید نے کس طرح تفصیل کے ساتھ ان عظیم ہستیوں کا ذکر کیا ہے، مقصد یہ ہے کہ اہل کتاب کی طرف سے ڈالے گئے شکوک و شبہات کا ازالہ ہو اور علم ہوجائے کہ مسلمان تمام انبیا و رسل علیہ السلام کا انتہائی ادب و احترام کرتے ہیں مگر اس حقیقت سے ذرہ بھر انکارنہیں کہ حضرت محمد ﷺآخری نبی اور رسول ہیں اور آپﷺ کی فضلیت تمام نبیوں اور رسولوں پر ایسے ہی ہے جیسے 14ویں رات کے چاند کی فضلیت ستاروں پر ہے۔