آسٹریامیں لاک ڈاؤن 7فروری تک بڑھا دیا گیا

January 18, 2021

ویانا(اکرم باجوہ)آسٹریا کے وزیراعظم سبسٹین کرز نےاپنی وفاقی کا بینہ کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک میں لاک ڈاؤن کی توسیع کا اعلان کیا ہے، بغیر کسی نرمی کے تیسرا لاک ڈاؤن کا دورانیہ 25 جنوری سے بڑھا کر 7فروری تک جاری رہے گا۔8 فروری سےلاک ڈائون میں نرمی اور کاروبار کھلنے کا اعلان بھی کیا۔حکومت نے ایک پریس کانفرنس میں اس بات کی تصدیق کی کہ لاک ڈاؤن کم از کم 7 فروری تک برقرار رہے گا۔ FFP2 ماسک پہننا ہر شخص کیلئے لازمی ہوگا۔ وزیراعظم سیبسٹین کرز نے کہا کہ برطانوی وائرس زیادہ خطرناک ہے،انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران قواعد کو سخت کیا جائے گا 25 جنوری سے دکانوں میں اور عوامی نقل و حمل پر فاصلاتی اصول دو میٹر تک بڑھا دئیے جائیں گے۔ ایف ایف پی 2 ماسک خوردہ فروشوں کے پاس دستیاب ہوں گے۔ آٹھ فروری سے تمام دکانیں، جسم فروشی خدمت فراہم کرنے والے اور میوزیم کو سخت شرائط کے تحت دوبارہ کھولنے کی اجازت ہے۔ سیاحت اور گیسٹرنومی فروری کے اختتام تک بند رہیں گے۔فروری کے وسط میں ایک جائزہ لیا جائے گا اور فیصلہ کیا جائے گا کہ مارچ میں تمام چیزیں کھولنا ممکن ہے یا نہیں۔ اسکول کے بچوں کیلئے گھر سےسمسٹر کے وقفے تک فاصلاتی تعلیم جاری رہے گی۔ ویانا اور لوئر آسٹریا آٹھ فروری کو کلاس روم کی تدریس کا آغاز کریں گے۔ وزیراعظم کرز نے کہا ہمارے پاس ابھی بھی دو یا تین سخت مہینے باقی ہیں ہم کسی لاپروائی سے کام نہیں لینا چاہتے۔دریں اثناآسٹریا میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 1267 نئے انفیکشن اور 29 اموات ہوئیں، اب تک آسٹریا میں 393778 مثبت ٹیسٹ کے نتائج سامنے آئے ہیں۔ 17جنوری تک آسٹریا بھر میں 7082 افراد وبا سےہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 369218 صحت یاب ہوچکے ہیں،اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے 1963 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں اور ان میں سے 328 انتہائی نگہداشت والے یونٹ میں ہیں۔