مستقبل کے نئے ممکنہ جرمن چانسلر’’آرمن لاشیٹ‘‘

January 18, 2021

تحریر:سیّد اقبال حیدر ۔۔۔جرمنی
جرمن چانسلر انجیلا میرکل کے آئندہ انتخاب میں حصہ نہ لینے کے اعلان کے بعد ملک کی حکمران جماعت CDU میں نئے پارٹی قائد کی تلاش شروع ہو گئی ،تین امید وار تھے جن میں جرمنی کی 16 ریاستوں میں سے نارتھ رائن ویسٹ فائیلن کے موجودہ وزیراعلیٰ آرمن لاشیٹ کو حکمران پارٹیCDU کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے،یہ انتخاب انتہائی پرامن انداز میں آن لائن ہوا،جسے ہارنے والے امیدواروں نے تسلیم کر کے آرمن لاشیٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان سمیت دنیا بھر کو پیغام دیا کہ جمہوریت کی بقا دنگا فساد ہٹ دھرمی سے نہیں بلکہ پُرامن سیاست سے ہو گی۔آرمن لاشیٹ ایک کان کُن مزدور گھرانے میں 18فروری 1961کو بلجیم ،جرمنی کے بارڈر کے قریب ایک گائوں میں پیدا ہوئے، جمنازیم ابتدائی تعلیم’’آہن‘‘ سے حاصل کر کے قانون کی اعلیٰ تعلیم بون اور میونخ کی یونیورسٹیوں سے مکمل کر کے 1987 میں قانون کی ڈگری حاصل کی،آرمن لاشیٹ نے جرمنی کے کیتھولک اخبار کے ایڈیٹر انچیف کے علاوہ دوسرے معروف اخبارات میں خدمات سرانجام دے کر صحافت میں بھی اپنا نام اور مقام بنایا، آرمن لاشیٹ سیاست کے میدان میں اترے اور 1994 میں عوامی نمائندہ منتخب ہو کر جرمن پارلیمنٹ میں آئے،1999میں یورپین پارلیمنٹ میں جرمنی کی نمائندگی کی اور جون 2017میں جرمنی کے بڑے صوبے نارتھ رائن ویسٹ فایلا کے وزیراعلیٰ منتخب ہوئے، جرمن چانسلر انجیلا میرکل دنیا بھر کی پہلی خاتون ہیں جنہوں نے ایک ملک پر طویل حکومت کی ہے اس کی وجہ ان کی اپنی پارٹی ہی نہیں بلکہ ملک بھر میں ان کی مقبولیت ہے، مس میرکل نے اپنے دور حکومت میں مشکل دور بھی دیکھا خاص طور پرجب انھوں نے شام اور دنیا بھر کے مصیبت زدہ افراد کے لئے اپنے ملک کے دروازے کھولے، جس کی وجہ سے انہیں جرمنی کی انتہا پسند سیاسی قوتوں کا سامنا بھی کرنا پڑا مگر وہ ثابت قدم رہیں،دنیا میں آلودگی کے موضوع پر ڈونلڈ ٹرمپ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کران کے موقف کی نفی کی، انجلا میرکل اپنی سیاسی سوجھ بوجھ کے نتیجے میں یورپین یونین میں بھی منفرد مقام رکھتی ہیں ،اب جب جرمنی میں چانسلر کے نئے انتخابات ہونے والے ہیں تو مس میرکل نے آئندہ انتخابات میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہےCDU جرمنی کی بڑی سیاسی قوت ہے اور پچھلی کئی دہائیوں سے جرمنی میں اپنی اتحادی پارٹی CSU کے ساتھ ملکر حکومت کر رہی ہے، ان کی بڑی حریف پارٹیSPD کی بھی کچھ ریاستوں میں حکومت قائم ہے مگر دارالحکومت ’’برلن‘‘ پر فی الحال CDU کا ہی قبضہ ہے،جرمنی کی سیاست پر کچھ مخصوص خاندان قابض نہیں بلکہ عوامی نمائندے حکومت کرتے ہیں،مس میرکل نے اپنی پارٹی اور ملک کی جس انداز میں خدمت کی ہے ، پارٹی کے نئے منتخب چیئر مین ’’آرمن لاشیٹ‘‘ اس معیار کو برقرار رکھ پائیں گے یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا ۔آرمن لاشیٹ۔۔ نئی ذمہ داریاں۔۔مبارک