پاکستان کے میچز بھارت سمیت تمام جنوب ایشیائی ملکوں میں دکھائے جائیں گے، پی سی بی اور سونی پکچرز میں معاہدہ

January 19, 2021

کراچی(عبدالماجد بھٹی،اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے انٹر نیشنل میچ اب بھارت سمیت تما م جنوب ایشیائی ملکوں میں دکھائے جائیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ اور بھارتی کمپنی سونی پکچرز نیٹ ورک کے درمیان تین سال کے نشریاتی معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔جس کے بعد بھارت میں پاکستانی انٹر نیشنل میچوں کے علاوہ پاکستان سپر لیگ کے میچ دکھائے جاسکیں گے۔نئے معاہدے کا اطلاق جنوبی افریقا کی سیریز سے ہوگا۔سونی کے ساتھ پی سی بی کی ڈیل گذشتہ سال ختم ہوئی تھی۔پی سی بی نے سرکاری ٹی وی اور کیبل آپریٹرز کے ساتھ پاکستان میں میچ دکھانے کے لئے گذشتہ سال دو سو ملین ڈالرز کا الگ معاہدہ بھی کیا تھاپی سی بی کا دعوی ہے کہ اس سلسلے میں ایڈوانس چیک بینک گارنٹی کے طور پر حاصل کر لئے گئے ہیں۔پاکستان اور بھارت کے درمیان سیاسی کشیدگی اور پلوامہ حملے کی وجہ سے پاکستان کی کرکٹ بھارت میں نہیں دکھائی جارہی تھی۔2019میں پی ایس ایل کے میچ بھارتی شائقین نہیں دیکھ سکے تھے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے بھارتی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ہم بھارتی نیٹ ورک کے ساتھ ڈیل کرنے کے قریب ہیں اصولی اتفاق ہوگیا ہےلیکن میں اس بارے میں تفصیلات نہیں بتاسکتا۔اس سلسلے میں پی سی بی کا کمرشل ڈپارٹمنٹ معاہدے کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہے۔جنگ کی تحقیق کے مطابق معاہدہ طے پاچکا ہے صرف رسمی اعلان باقی ہے۔سونی کے ایک نمائندے نے بتایا کہ اس نشریاتی معاہدے کا اطلاق جنوبی افریقا کے خلاف کراچی ٹیسٹ سے ہوگا۔