لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے باعث عوام ذہنی تناؤ کا شکار ہیں، ہیلتھ واچ بریڈ فورڈ کا سروے

January 19, 2021

بریڈفورڈ(محمد رجاسب مغل ) ہیلتھ واچ بریڈ فورڈ اینڈ ڈسٹرکٹ کے ایک سروے میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ڈسٹرکٹ بریڈفورڈ میں لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے دوران مختلف عمر کے افراد کو ذہنی تناؤ کا سامنا ہے ۔یہ افراد گھروں میں تنہائی ، پیاروں کی اموات ،خودکشی کے خیالات اور اضطراب کا شکار ہونے سے معاشرتی طور پر خود کو الگ تھلگ محسوس کر رہے ہیں،جن کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق وبائی مرض کے آغاز کے بعد سے میننگھم میں قائم ملن سینٹر جو ہر عمر ، پس منظر اور مسلک کے لوگوں کے لئے ذہنی صحت اور رسائی کی مدد کے بارے میں بات کرنے کے لئے کئی محفوظ جگہیں اور پروجیکٹ تشکیل دے رہا ہے۔اس حوالے سے ایک نیا پروجیکٹ بریڈ فورڈ کے ایسے نوجوانوں کی صحت اورتندرستی کے لئے تیار ہے جو اپنے مینٹل ایشو عمومی طور پر سامنے نہیں لاتے، اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تمام عمر کےگروپوں میں ذہنی مدد کی ضرورت میں اضافہ ہوا ہے۔ریسرچ کرنیوالوں کا کہنا ہے کہ 21 فیصد نے کوویڈ کو اسکی بڑی وجہ بتائی ہے ۔پہلے لاک ڈاؤن میں سماجی کارکن اور پروجیکٹ کی وائس چیئر صالحہ صادق اور چیئرپرسن الزبتھ ہیلمائچ نے خواتین کیلئے بھی ایمریلڈ کے نام سے ایک کامیاب پراجیکٹ پر کام کیا جہاں اردو اور پنجابی زبان میں بھی کونسلنگ فراہم کی جاتی رہی ہے ۔ کونسلنگ لینے والی خواتین گھر میں موجود لڑکوں اور مردوں کی ذہنی صحت کے بارے بھی فکرمند تھیں، صالحہ کا کہنا تھا کہ مرد ہمیشہ مینٹل ہیلتھ کے ایشو پر سامنے آنے سے کتراتے رہے ہیں، اسکی کئی وجوہات ہیں جن میں ناکامی کا دھبہ لگنے کے اندیشے کے علاوہ کمزوری اور نامردی کا طعنہ اور دیگر گھریلو مسائل جو کئی دہائیوں سے چلے آ رہے ہیں ۔صالحہ کا کہنا تھا کہ یہ سب ایک ہی رات میں ختم نہیں ہوں گے لیکن ہم سب کو مل جل کر اسکا خاتمہ کرنا ہو گا۔اس حوالے سے الزبیتھ کا کہنا تھا کہ ذہنی صحت کوحقارت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، اس پراجیکٹ کے ذریعے ہم ان رکاوٹوں کو عبور کرینگے جنکی وجہ سے مینٹل ہیلتھ کو اگنور کیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سینٹر مطالعے کے فروغ کیلئے بھی اقدامات کررہا ہے ،اس سلسلے میں بریڈفورڈ سٹوریز پراجیکٹ نے کتابیں بھی عطیہ کی ہیں ۔اس پراجیکٹ کی اچھی بات یہ ہے کہ اسمیں بچوں کیلئے بھی مدد موجود ہے۔