بلوچستان اور فاٹا کے میڈیکل کالجز کی اسکالرشپ میں کمی کیخلاف طلباءکا احتجاجی مظاہرہ

January 19, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)وفاقی حکومت اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان اور فاٹا کے میڈیکل کالجز کی اسکالرشپ سیٹوں کی تعداد میں کمی کیخلاف طلباء تنظیموں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر طلبا نے بینر اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور مطالبات کے حق میں نعرئے بازی کررہے تھے، مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پشتونخوا اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زونل سیکرٹری کبیر افغان ، ڈاکٹر مزمل خان ، عبدالرزاق ، مصور خان ، عبدالغفار بلوچ ، سمیع اللہ ، فرقان خان و دیگر نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے بلوچستان اور فاٹا کی میڈیکل سیٹیں کم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فیصلہ غریب پشتون بلوچ طلباء کے تعلیمی مستقبل پر حملہ ہے ،انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ پہلے ہی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں ایسے میں ان پر تعلیمی اداروں کے دوروائے بند کرنا باعث افسوس ہے ،سیٹوں کی کمی سے صوبے کے سینکڑوں طلباء ملک کے دیگر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں حصول تعلیم سے محروم رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے طلباءکی بڑی تعداد میڈیکل سیٹوں کے لیے تیاری کرکے اپنے بہتر مستقبل کے لئے تگ ودو کررہے ہیں مگر وفاقی حکومت اور ایچ ای سی کے مسلسل تعلیم و طلباء دشمن اقدامات سے بلوچستان کے طلباء میڈیکل کی تعلیم سے محروم کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو دیگر طلباء تنظیموں کیساتھ ملکر سخت احتجاج کیا جائے گا ۔