چھوڑ بابل کا گھر موہے پی کے نگر آج جانا پڑا

January 19, 2021

پاکستان ہندو کونسل کے زیر اہتمام اجتماعی شادیوں کے موقع پر’’لگن منڈپ‘‘ میںہندو کونسل کے سربراہ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی رسومات کا آغاز کررہے ہیں

عکاسی : زاہد رحمٰن

پاکستان ہندوکونسل کے زیراہتمام10جنوری کوریلوے گراؤنڈ آئی آئی چندریگرروڈ پر 48ہندوجوڑوں کی شادی انجام پائی۔اس موقع پر پنڈال کو خوبصورتی سے سجایا گیا تھا۔ پنڈال میں ہر جوڑے کے لیے علیحدہ علیحدہ منڈپ بنائے گئے ، جن کی برقی قمقموں اور پھولوں سے تزئین و آرائش کی گئی تھی۔ ہر منڈپ میں جوڑوں کے ساتھ ان کے والدین بھی موجود تھے۔ اگنی کے گرد پھیروں اور پنڈت کے بھجن کے لیے 80فٹ لمبااسٹیج بنایا گیا تھا۔

یہ 15واں موقع ہے جب پاکستان ہندوکونسل کے زیراہتمام اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں مختلف جوڑوں کے عزیز و اقارب رقص کرتے ہوئے پنڈال میں داخل ہوئے۔ ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے ایک رسم کی ادائیگی کرکے تقریب کا آغاز کیا۔ اس موقع پر دولہا، دلہن کے آگے ایک برتن پر ناریل اور فروٹس رکھے تھے۔

اجتماعی شادی میں دولہا دلہن پنڈال میں بیٹھے ہیں

کئی دلہنیں سرخ جوڑا جب کہ دیگر نے مختلف رنگوں کے عروسی لباس زیب تن کیے ہوئے تھے جب کہ دولہا شلوار ،قمیص پہنے سروں پر سہرا باندھے بیٹھے تھے۔ پنڈت نے آگ کے الاؤ کے سامنے دولہا، دلہن کو ایک روایتی رسم کی ادائیگی کرائی۔ پنڈال میں دلہنیں گھونگھٹ نکالے ہوئے تھیں جب کہ دولہا نے سہرے سے چہروں کو ڈھانپا ہوا تھا جب کہ رسومات کے دوران دولہا، دلہن نے چہرے سے گھونگھٹ اور سہرا ہٹا دیا تھا۔

پنڈت اشلوک پڑھ رہے ہیں

پاکستان ہندوکونسل کےپیٹرن ان چیف ڈاکٹررمیش کمار وانکوانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب تک اس پلیٹ فارم سے پندرہ سوجوڑوں کو ازدواجی بندھن میں باندھاجاچکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ جوڑوں کومنگل سوتر کے ساتھ ایک لاکھ روپے کا جہیز بھی دیتے ہیں۔ انہیں بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر ، جے ایس بینک سمیت دیگر بینکوں کا بھی تعاون حاصل ہوتا ہے۔ڈاکٹر رمیش کمار کے مطابق آج کرونا کی وجہ سے کم اجتماعی شادیوں کا انعقاد کیا گیا ہے۔

شادی میں شرکت کے لیے مہمانوں کی آمد

انہوں نے کہا کہ متعدد جوڑوں کو سندھ کے مختلف اضلاع میں ازدواجی بندھن میں منسلک کیا جارہا ہے۔ ڈاکٹر رمیش کمار نے اعلان کیا کہ اس مرتبہ ہولی کا تہوار ملتان کے تاریخی مندر ’’پرلاد ‘‘میں28مارچ کو منایا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ میں نے باپ بن کر پندرہ سو بچوں کو وِداکیا ہے جبکہ موجودہ دور میں ایک بچے کا کینادان بھی مشکل کام ہے۔

ڈاکٹر رمیش کمار کے مطابق ہندو برادری کی اجتماعی شادیوں کی تقریب میں مسلم کمیونٹی بھی شرکت کرتی ہے جس سے بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام جاتا ہے۔اس تقریب میں فیصل ایدھی سمیت دیگر افرادنے بھی شرکت کی۔ تقریب کے زیادہ تر دولہا، دلہن کا تعلق عمر کوٹ ضلع سے تھا۔