کورونا کی تازہ صورتحال!

January 20, 2021

پوری دنیا کورونا وائرس کی دوسری اور زیادہ سنگین لہر کی لپیٹ میں ہے جو روز افزوں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع کر رہی ہے۔ پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے صورتحال روز بروز بگڑتی دکھائی دیتی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے مزید 6ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 20 لاکھ 45 ہزار ہو گئیںہیں۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 3 لاکھ 22 ہزار سے زائد نئے کیسزرپورٹ کئے گئے۔سب سے زیادہ کیسز امریکہ میں رپورٹ کئے گئے جہاں پیر کو مزید 71ہزار 3سو افراد میں کووڈ 19کی تصدیق کی گئی جبکہ 785 افراد چل بسے ،برطانیہ میں کورونا سے مزید600افراد ہلاک ہوگئے جبکہ 37ہزار 535کیسز کی تصدیق کی گئی۔برطانوی چیف میڈیکل ایڈوائزرکرس وہیٹی نے کہا ہے کہ آئندہ ہفتے کورونا کے حوالے سے بدترین ثابت ہوں گے۔صورتحال اب بھی انتہائی تشویشناک ہے اورآنے والے دنوں میں مزید بگڑے گی ۔ روس میںمزید 471اور فرانس میں 403افراد کورونا سے لقمہ اجل بن گئے۔بھارت میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں کمی ہوئی ہے اور پیر کے روز 132افراد کورونا سے دم توڑ گئے،جرمنی میں ایک بار پھر کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ،جرمنی میںمزید 437افراد کورونا سے ہلاک ہو گئے ۔پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 46 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 1920نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ کورونا وائرس کے پھیلائو کے پیش نظر ضروری ہے کہ پاکستان میں دنیا کے دیگرترقی یافتہ ملکوں کے تجربات کی روشنی میں کاروبار، تعلیم اور دفتری امور کی انجام دہی کے طریق کار کو حتی الوسع معیاری بنانے کی ہر ممکن تدبیر اپنائی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر اپنا کر ہم اِس وبا سے محفوظ رہ سکیں۔