روایتی پولیسنگ کے برعکس انقلابی اصلاحات پر عمل پیرا ہیں، ایڈیشنل آئی جی پولیس

January 20, 2021

شملتان (سٹاف رپورٹر) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کی پولیس کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کیلئے روایتی پولیسنگ کے برعکس انقلابی اصلاحات پر عمل پیرا ہیں تاکہ عام آدمی کو انصاف کی تیز تر فراہمی عملی طور پر نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت اور انصاف کی میرٹ پر فراہمی کو پولیس فورس اپنا نصب العین بنائے کیونکہ تھانے کو خوف کے بجائے تحفظ کی علامت بناکر ہی عوام کا اعتماد حاصل کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریجنل پولیس آفس میں منعقدہ وڈیو لنک کانفرنس میں جنوبی پنجاب کے پولیس افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں آر پی او وسیم احمد خان اور سی پی او محبوب رشید میاں نے شرکت کی جبکہ آر پی او بہاولپور زبیر احمد دریشک اور آر پی او ڈیرہ غازی خان فیصل رانا سمیت تمام ڈی پی اوز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس میں جنوبی پنجاب کی امن و امان صورتحال اور پولیس اصلاحات پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل جنوبی پنجاب ظفر اقبال اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس افسران جرائم کی شرح کنٹرول کرنے کیلئے فیلڈ میں بہترین صلاحتیوں کا مظاہرہ کریں اور موثر انفارمیشن سسٹم تشکیل دیکر جرائم ہونے سے قبل انکی روک تھام یقینی بنائیں۔