مردہ مرغیوں کے پیس بریانی میں استعمال پر 4افراد گرفتار

January 20, 2021

پشاور(وقائع نگار) محکمہ خوراک نے چائنہ سالٹ کے استعمال اور مردہ مرغیوں کے پیس بریانی میں استعمال کرنے پر 4 بریانی فروش جبکہ گرانفروشی پر 11دودھ فروش گرفتار کرلئے۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان‘ سیکرٹری محکمہ خوراک فلائیٹ لیفٹیننٹ (ر) خوشحال خان اور ڈائریکٹر محمد زبیر کی ہدایت کی راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ نے شاہ قبول میں فوڈ پوائنٹس میں انسپکشن کی۔ انسپکشن کے دوران چائنہ سالٹ کے استعمال اور مردہ مرغیوں کے پیس بریانی میں استعمال کرنے پر 4 بریانی فروشوں کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے جبکہ حیات آباد اور بھانہ ماڑی میں مہنگے داموں دودھ فروخت کرنے پر 11 دودھ فرروشوں کو گرفتار کرلیا جن کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے اپنے دفتر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ کسی کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائیگی جبکہ محکمہ خوراک کے افسران مختلف اوقار کار میں کارروائیاں کر کے شہریوں کو معیاری اور صاف ستھری اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو خوراک کے نام پر زہر کھلانے والوں کیلئے پشاور میں کوئی جگہ نہیں جبکہ ملوث افراد کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ غیر معیاری اشیاء کی خرید و فروخت کرنیوالوں کے گرد گھیرا تنگ کردیں اور کسی کے ساتھ رعایت نہ برتی جائے۔