آئی جے ٹی کا جامعامات کے مالی بحران پر تشویش کا اظہار

January 20, 2021

پشاور (خصوصی نامہ نگار) اسلامی جمعیت طلبہ یونیورسٹی کیمپس پشاور کے ناظم شفیق الرحمن نے کیمپس کی جامعات کے مالی بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی عدم توجہی کے باعث جامعات تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں، تعلیمی ایمرجنسی کا دعویٰ کرنے والی پی ٹی آئی کی حکومت گذشتہ دو برسوں سے اعلیٰ تعلیم کے بجٹ میں مسلسل کمی کررہی ہے جس کی وجہ سے جامعات ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے سے قاصر ہیں۔کورونا وباء کی وجہ سے جامعات کے اندرونی آمدن میں کمی ہوئی ہے، اس کے باوجود حکومت ان جامعات کے لئے پیکیج کا اعلان نہیں کررہی حالانکہ حکومت نے ہر شعبہ کے لئے پیکج کا اعلان کیا ہے لیکن تعلیم کے شعبہ کے لئے ابھی تک پیکیج کا اعلان نہیں کیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جامعات کے خسارے کے خاتمہ کے لئے فوری طور بیل آؤٹ پیکیج کا اعلان کیا جائے۔