پشاور‘صحت کی دیکھ بھال کے حوالے سے سیمینار

January 20, 2021

پشاور (لیڈی رپورٹر)رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ میں بہترین صحت اور انتظامیہ کے حوالے سے تقریب ہوئی جس میں شوکت خانم میموریل ہسپتال، لیڈی ریڈنگ ہسپتال، صحت سہولت کارڈ پروگرام، ہیلتھ کئیر کمیشن اور دیگر ہسپتالوں کے رہنمائوں نے شرکت کی اور کورس کے متعلق خیالات کا اظہار کیا۔ آر ایم آئی کے کوالٹی منیجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ محمد عمر فاروق نے کہا کہ بہترین صحت اور ہاسپٹل منیجمنٹ کورس کا مطلب یہ آگاہی دینا ہے کہ کس طرح خیبر پختونخوا کے عوام کو ہر ہسپتال میں بہترین سہولیات کے ساتھ اعلیٰ کے معیار کے مطابق سہولت میسر کی جا سکتی ہے جبکہ بین الاقوامی طریقوں کے مطابق صحت کی دیکھ بھال کا معیار اور نگرانی میں مدد ملے اور اس حوالے سے آر ایم آئی ہر قسم کا تعاون کرے گا ۔ آر ایم آئی اور خیبر پختونخوا پوسٹ گریجویٹ میڈیکل کے ساتھ معاہدہ بھی طے پایا جس کی رو سے دونوں ادارے گریجویٹس کو تعلیمی سہولیات فراہم کریں گے۔ سی ای او شفیق الرحمان نے کہا کہ میڈیکل اور ڈینٹل ایجوکیشن میں فضیلت اور پیرا میڈیکس کے بیشتر مضامین کو آر ایم آئی کی انتظامیہ نے شناخت دی۔ بعد ازاں کوالٹی منیجمنٹ کے بارے میں تفصیلی پینل بنایا گیا جس میں ریاض تنوالی، ڈاکٹر مقصود ہیلتھ کئیر کمیشن، ڈاکٹر جاوید فیکلٹی آف پیرا میڈیکس سائنسز اور شوکت خانم میومریل ہسپتال کے ڈاکٹر محمد طاہر نے حصہ لیا۔ تمام پینلسٹ نے باہمی طور پر خطے میں صحت کی دیکھ بھال کے معیار اور ہسپتال منیجمنٹ کی صلاحیت میں اضافہ کے فرق کی نشاندہی کی انہوں نے صحت کی دیکھ بھال کے معیار اور مریضوں کی حفاظت کی تربیت کے شعبے میں باہمی تعاون پر توجہ دی اور سرکاری و نجی شراکت میں شامل ہونے میں اپنی کوششوں کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔