مراقبے کی چند بہترین ایپس

January 21, 2021

انسانی صحت کے لیے مراقبے کے بہت سے فائدے ہیں۔ اس سے ذہن پُر سکون رہتا ہے، توجہ و ارتکاز میںبہتری آتی ہے اور انسان جسمانی و ر وحانی طور پر خود کو بہتر محسوس کرتاہے۔ اس کے علاوہ یہ ہائی بلڈ پریشر ، ذہنی تناؤ، ڈپریشن اور انزائٹی جیسی بیماریوں کو دور کرنے کےساتھ ساتھ سرد رد کو بھی ختم کرتاہے۔

مراقبہ کرنے سے مدافعتی نظام بہتر ہوتا ہے، اس سے آپ کے اند ر نئی توانائی بھر جاتی ہے۔ لیکن سوال یہ ہے کہ مراقبہ کب اور کیسے کیا جائے؟ اور سب سے اہم یہ کہ کب شروع کیا جائے؟

اب آپ کو اس سلسلے میں پریشان ہونے کی قطعی ضرورت نہیں کیونکہ آپ کے پاس موجود اسمارٹ فون یہ مسئلہ حل کردے گا۔ بس آپ نے کوئی بھی موزوں موبائل ایپ ڈائون لوڈ کرنی ہے اور اس ایپ کی دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مراقبہ کرناہے۔ آئیے مراقبے کی چند کارآمد موبائل ایپس کا ذکر کرتے ہیں۔

The Mindfulness App

آئی فون اور اینڈرائڈ فون پر یہ ایپ کچھ حد تک مفت دستیاب ہے۔ مراقبہ کرنے والے نوآموز اور ماہرین کے لیے دی مائنڈ فُل نیس ایپ میں بہت سارے آپشنز موجود ہیں۔ اس ایپ میں ذہن سازی اور مائنڈ فل نیس کے لیے پانچ دن تک ہدایات دی جاتی ہیں جن کی مدد سے آپ مراقبے کی طرف مائل ہونا شروع ہوتے ہیں۔ آپ کی مصروف زندگی میں3 سے30منٹ تک کا خاموش مراقبہ آپ کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ ایپ میں آپ کو مراقبے کے ذاتی آپشنز، دن بھر ذہن سازی کو برقرار رکھنے کے لیے مشورے اور آپ کے مراقبے کو ریکارڈ رکھنے والے فیچرز ملیں گے، جس سے آپ کے مراقبے کا عمل بہتر سے بہتر ہوتا چلا جائے گا۔

Headspace

کچھ آپشنز کے ساتھ یہ ایپ مفت دستیاب ہے۔ دن کے وقت استعمال کے لیے اس ایپ کی ہدایت کردہ مراقبہ اور ذہن سازی کی تکنیکس کے ذریعے آپ اپنی زندگی میں سکون ، تندرستی اور توازن تلاش کرسکتے ہیں۔

سونے سے پہلے، اس کے میوزک ٹریکس یا 16 قدرتی آوازوں والے میوزک ٹریکس سنتے ہوئے آپ نیند کی وادیوںمیں جاسکتے ہیں۔ ایپ آپ کی داخل کردہ معلوما ت کی بنیاد پر آپ کی شخصیت کے حوالے سے منصوبہ بندی کرسکتی ہے اور آپ کی ضرورت کے مطابق مراقبے کے طریقے تجویز کرسکتی ہے۔

Calm

اس ایوارڈ یافتہ ایپ میں آپ کو سکون حاصل کرنے والی ورزشیں اور سانس لینے کی مختلف تکنیکس ملیں گی جو آرام کرنے میں آپ کو مدد فراہم کریں گی۔ یہاں تک کہ آپ کے3 سے17سال کے بچوں کے لیے بھی اس ایپ میں مراقبے کے سیکشنز موجود ہیں۔ اس ایپ میں نیند لانےو الی کہانیوں (Sleep Stories)کا سیکشن آڈیو کے ساتھ موجود ہے۔

یہ کہانیاں سنتے ہوئے آپ مشہور اداکاروں جیسے کہ میتھیو میک کونائے یا جیروم فلئن کی آوازوں کو پہچان سکتے ہیں۔ ایپل واچ کے ذریعے اس ایپ کو اِپ ڈیٹ کیاگیاہے ، جس میں سانس لینے کی تین نئی ورزشیں، ایک مائنڈفل واکنگ مراقبہ اور پُرسکون رہنے کی ورزش شامل کی گئی ہیں، یعنی آپ ایپل واچ سے ان تمام فیچرز کو استعمال کرتے ہوئے اپنی زندگی پُرسکون بنا سکتے ہیں۔

MyLife Meditation

اس ایپ میں موجود مراقبے کی تجاویز آپ کے جذبات پر مبنی ہوتی ہیں۔ اس ایپ کو اپنی مدد کے لیے استعمال کریں کہ آپ کیسا محسوس کررہے ہیں، پھر اپنی پریشانی کو دور اور تناؤ کو کم کریں، گہری سانس لیں یا تھوڑی دیر کے لیے سوجائیں۔ اس میں دی گئی مراقبے کی ہدایات، یوگا ویڈیو اور ایکوپریشر ویڈیوز سے استفادہ کریں۔ آپ اپنے مزاج اور اپنے اندر ہونے والی مجموعی پیشرفت کو ٹریک اور اسے روزانہ چیک بھی کر سکتے ہیں۔ یہ ایپ گوگل اور ایپل پلے اسٹور پر مفت دستیاب ہے۔

Buddhify

مراقبے کے200سے زیادہ طریقوں کےساتھ ساتھ یہ ایپ آپ کو پریشانی اور ذہنی تناؤ کم کرنے، نیند لانے اور مشکل حالات کا سامنا کرنا سکھاتی ہے۔ آپ سفر کے دوران، کام کا ج کرتے ہوئے، کھاتے، اٹھتے بیٹھتے اور یہاں تک کہ آن لائن سرگرمیاںانجام دیتے ہوئے بھی ا س ایپ میں موجود مائنڈفل نیس مشقیں انجام دے سکتے ہیں۔ اس کے سیشنز3سے40منٹ دورانیے پر مبنی ہوتے ہیں۔ یہ مراقبے کا آغاز کرنے یا پہلے سے مراقبہ کرنے والوں کے لیے بہترین ایپ ہے۔ تاہم یہ ایپ مفت دستیاب نہیں ہے، اس کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے آپ کو کچھ رقم خرچ کرنی پڑے گی۔

Insight Timer

یہ ایک مشہور ایپ ہے، جس میں ہرروز مراقبے کرنے کی 10سے زائد مفت ہدایات شامل کی گئی ہیں۔ اس میں موجود ہزاروں ہدایات میں سے روزانہ کی بنیادوں پر یا اپنی ضرورت کے مطابق کوئی عادت اپنائیں اور ایپ پر موجود کمیونٹی گروپس میں اپنے تجربات شیئر کریں یا دوسروں کے تجربات سے استفادہ کریں۔ اس میں موجود سائونڈ ٹریکس اور قدرتی ماحول کی موسیقی بھی آپ کو پُرسکون نیند کی وادیوں میں لے جانے میں بہت مدد کرتی ہے۔