نعیم بخاری کی برطرفی قابل مذمت ہے‘جاوید بابر

January 21, 2021

پشاور (وقائع نگار) ٹی وی کے سینئر اداکار اور فنکار تنظیم آواز کے چیئرمین جاوید بابر نے ایم ڈی پی ٹی وی نعیم بخاری کی برطرفی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نعیم بخاری نے پانچ سال سے بحران کا شکار سرکاری چینل کو دوبارہ فعال کرنے کیلئے کردار ادا کرنا شروع کیا لیکن وہاں بدعنوان عناصر کو ان کی آمد کھٹکنے لگی جس کی وجہ سے انہیں راستے سے ہٹانے کیلئے سازشیں شروع ہوئیں اور عدالت کا سہارا لے کر انہیں برطرف کیا گیا۔ نعیم بخاری خود بھی فنکار ہیں اس لئے وہ ایم ڈی کے عہدے کیلئے موزوں تھے وہ بغیر کسی لالچ اور مراعات پی ٹی وی کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے کام کر رہے تھے ۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ نعیم بخاری کو دوبارہ بحال کرکے پی ٹی وی کی باگ ڈور دی جائے تاکہ وہ سرکاری چینل کوفعال کرسکیں۔