پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آگیا

January 21, 2021

پشاور(وقائع نگار)کورونا سے بیروزگار شہری مہنگائی کے باعث مزید پریشان ہو گئے ہیں۔ پیٹرولیم منصوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد مہنگائی کا نیا طوفان آ گیاہے ۔اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث گھریلو بجٹ آوٹ ہو گیا ہے۔ مہنگائی کے باعث اشیائے ضروریہ غریب آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہے ۔سرکار ی ریٹ لسٹ کے مطابق کوئی چیز فروخت نہیں کی جا رہی ہے بلکہ کئی دکانوں پر تو لسٹ آویزاں ہی نہیں کی جاتی ہیں۔ انتظامیہ بھی مہنگائی کے اضافہ کے آگے بند باندھنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ کورونا وباءکی وجہ سے پہلے ہی لوگوں کی کثیر تعداد بیروز گار ہو چکی ہے۔ ضلعی انتظامیہ پشاور کی جانب سے پشاور میں لگائے جانے والے سستا بازار برائے نام رہ کر رہ گیا ہے ۔سستے بازار میں سستے نرخوںپر چینی ، گھی ، کی فروخت نہیں ہو رہی ہے صرف ہتھ ریڑھیوں کو سستے بازار میں کھڑا کردیاگیاہے پشاور میں ضلعی انتظامیہ کا سستا بازار ناکام ہو کر رہ گیا ہے۔