تھیلی سیمیا کے شکار بچوں کی جان بچا نا صدقہ جاریہ ہے،صاحبزادہ حلیم

January 21, 2021

پشاور(نمائندہ خصوصی) خیبر پختونخوا کے سب سے بڑے فلاحی ادارے فرنٹیئر فائونڈیشن کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم نے کہا ہے کہ تھیلی سیمیا کے شکار ہزاروں بچوں کی جان بچانے کے لئے ان کا مفت علاج بہت بڑا کار خیر اور صدقہ جاریہ ہے۔ مخیر حضرات کو اس کار خیر میں شریک ہونے کے لئے حمزہ فائونڈیشن کی بڑھ چڑھ کر مالی مدد کر کے تھیلی سیمیا کے شکار غریب بچوں اور ان کے والدین کی دعائیں حاصل کرنا چاہئیں۔ صاحبزادہ محمد حلیم نے خیبر پختونخوا کو تھیلی سیمیا فری صوبہ بنانے کی مہم کی تیاری کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فرنٹیئر فائونڈیشن کے تین مراکز پشاور، کوہاٹ اور سوات میں تھیلی سیمیا کے شکار تین ہزار آٹھ سو غریب بچے کی جان بچانے کے لئے ان کا مفت علاج کیا جارہا ہے جبکہ بلڈ کینسر کے مریضوں کی جانیں بچانے کے لئے انہیں مفت خون بھی فراہم کیا جارہا ہے۔ مفت علاج کی وجہ سے فرنٹیئر فائونڈیشن غریبوں کے لئے امید کی کرن بن چکی ہے۔ صاحبزادہ محمد حلیم نے بتایا کہ تھیلی سیمیا کے شکار بچوں کا علاج مہنگا اور طویل ہے۔ وسائل کم ہونے اوراخراجات زیادہ ہونے کی وجہ سے ادارے کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاہم مخیر حضرات کے تعاون سے غریب بچوں کی جان بچانے کے لئے مفت علاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔