علاقائی تجارت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے،شیر باز بلور

January 21, 2021

پشاور (لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور نے کہا ہے کہ ملک کی معاشی ترقی و استحکام اور درآمدات میں مزید اضافہ کے لئے علاقائی تجارت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت پاک افغان باہمی تجارت سمیت وسطی ایشیاء کے ممالک کے درمیان ایکسپورٹ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے عملی اقدامات کرے۔ پاکستان اور افغانستان پالیسیوں میں نرمی لائی جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی حجم کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ بالخصوص افغانستان کے راستہ وسطی ایشیاء کے ممالک کے ساتھ تجارت کے حوالے سے درپیش مسائل اور رکاوٹوں کو دورکیا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں اور ایکسپورٹرز ٗ امپورٹرز کے ایک مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سرحد چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر منظور الٰہی ٗ نائب صدر جنید الطاف اور دیگر بھی موجود تھے۔ اجلاس کے شرکاء نے علاقائی تجارت کے فروغ اور اس حوالے سے درپیش مسائل کی نشاندہی کی اور ان کے دیرپا حل کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں جو کہ حکومت پاکستان سمیت علاقائی ممالک کی سفارتخانوں اور متعلقہ اتھارٹیز کو بھیجی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ٗ افغانستان اوردیگر متعلقہ اتھارٹیز ایک جامہ حکمت عملی مرتب کرکے وسطی ایشیاء کے ممالک کے ساتھ تجارت کی راہ میں درپیش مسائل کو فوری حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان باہمی تجارت میں بتدریج کمی واقع ہوئی ہے تاہم انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کی جانب سے کچھ آئٹمز پر ٹیرف ٗ ڈیوٹیز میں کمی کی وجہ سے باہمی تجارت کو فروغ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دونوں ممالک مزید آئٹم پر ریگولیٹری ڈیوٹیز ٗ ٹیرف اور ٹیکسوں میں مزید کمی لائے اور نئے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ کیا جائے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے حوالے سے مقرر کردہ اہداف کو حاصل کیا جائے۔