صحت سہولت پروگرام صوبائی حکومت کا بے مثال منصوبہ ہے، سلیم خان جھگڑا

January 22, 2021

پشاور(جنگ نیوز)صوبائی دارالحکومت پشاور کی 50 لاکھ آبادی صحت سہولت پروگرام کے آغاز کے بعد مفت صحت سہولیات سے مستفید ہو رہی ہے۔ انہی عوامی فلاحی منصوبوں کی بدولت صوبے کی تاریخ میں عوام نے کسی پارٹی کو دوسری بار منتخب کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے ناصر باغ روڈ پر بادیزئی میں صحت کارڈ کے حوالے سے آگاہی پروگرام کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مقامی عمائدین، پارٹی عہدیداران اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ صحت سہولت پروگرام صوبائی حکومت کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جس کی مثال دنیا میں نہیں ملتی ہے۔ سالانہ 10 لاکھ تک مفت صحت سہولیات صوبے کی غریب عوام کے لیے بیش بہا قیمتی تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحت پشاور کی 50 لاکھ آبادی بھی اب اس پروگرام میں شامل ہے اور شہری پینل پر موجود ہسپتالوں میں داخلے کی صورت میں صرف شناختی کارڈ پر مفت علاج کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ان ہی عوامی فلاحی منصوبوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا کے عوام نے دوسری بار ہمیں مینڈیٹ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریگی میں روڈ، ہسپتال اور پانی کے لیے ٹیوب ویل سمیت کئی منصوبوں پر کام جاری ہے۔