پشاور،400لیٹر ملاوٹ شدہ مضر صحت دودھ تلف

January 22, 2021

پشاور(وقائع نگار)خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کا محکمہ خوراک اور لائیو اسٹاک کے ہمراہ صوبے بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈون کا سلسلہ جاری ہے۔ صوبے کے مختلف اضلاع میں 400 لیٹر سے زائد ملاوٹ شدہ، مضر صحت دودھ کو تلف کردیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی سہیل خان کے مطابق کارروائیاں سیکرٹری خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر صوبے میں دودھ ملاوٹ کے خلاف جاری مہم کے تحت کی گئی۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق ڈی آئی خان میں مختلف ڈیری شاپس کا معائنہ کیا گیا اور دودھ کے سامپلز چیک کئے گئے، کارروائی میں 200 لیٹر ناقص اور ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کردیا گیا، جبکہ کئی ڈیری شاپس کو بہتری کے لئے نوٹسز جاری کئے گئے۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق ایبٹ آباد میں دودھ ملاوٹ پر ایک ڈیری شاپ کو سیل اور 100 لیٹر سے زائد ناقص دودھ تلف کردیا گیا۔ سوات میں دودھ میں ملاوٹ ثابت ہونے پر 120 لیٹر اور مردان میں 70 لیٹر ناقص دودھ تلف کردیا گیا، صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی دودھ میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی گئی اور ملاوٹ شدہ دودھ تلف کیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق صوبے میں دودھ کے ساتھ دیگر اشیاء خوردنوش کے معیار کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ہری پور بازار میں کارروائی کے دوران تین دکانوں کو زائد المعیاد اور مضر صحت اشیاء رکھنے پر سیل کیا گیا۔ حفظان صحت کی ناقص صورتحال پر لوئر دیر میں ایک ہوٹل اور لکی مروت میں ایک دکان کو سیل کردیا گیا۔ فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق نوشہرہ میں 70 کلو مضر صحت چائے کی پتی اور 50 کلو مضر صحت اور زائد المعیاد اشیاء خوردنوش تلف کیا گیا۔