کنٹریکٹرز کا بقایاجات کی عدم ادائیگی پر ترقیاتی کام بند کرنیکا اعلان

January 22, 2021

پشاور (لیڈی رپورٹر)ملاکنڈ ڈویژن کے کنٹریکٹرز نے اربوں روپے کے بقایاجات کی عدم ادائیگی پر ترقیاتی کام بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ گزشتہ روز پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر اکرام اللہ ‘ چیئرمین ارشد شاہین ‘ پریس سیکرٹری عمران ٹھاکر ‘ جوائنٹ سیکرٹری خالد خان اور سینا گل نے کہا کہ 25 ویں ترمیم کے مطابق ملاکنڈ اور ضم اضلاع کے کاروباریوں اور کنٹریکٹرز کو ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے مگر اس کے باوجود حکومت اور ایف بی آر کی جانب سے نوٹس بھیجے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا سب سے بڑا مسئلہ فنڈز کی عدم دستیابی ہے اور ترقیاتی کاموں میں حکومت کی عدم دلچسپی کی وجہ سے ہمارا استحصال ہو رہا ہے ملاکنڈ ڈویژن کے نو اضلاع کے 10 ارب جبکہ ضم اضلاع میں 7 ارب روپے واجب الادا ہیں ۔ کیپرا رولز کے مطابق جس سکیم میں پورا فنڈ دستیاب نہ ہو ٹینڈر نہیں ہو سکتا جبکہ 2013 ء کے ٹینڈر میں ابھی تک فنڈز نہیں ہیں اسی رولز کے تحت پرفارمنس گارنٹی جو پہلے انشورنس کمپنیوں سے لینا ہے اب اس کو بینک گارنٹی میں تبدیل کیا گیا ہے لہٰذا بینک گارنٹی کی بجائے انشورنس گارنٹی کو بحال کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیپارٹمنٹس میں فنڈز کی عدم دستیابی کی وجہ سے زیادہ تر منصوبے ادھورے پڑے ہیں جو وقت پر مکمل نہ ہو سکے لہٰذا ٹھیکیداروں کو ادائیگی کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیپرا رولز نمبر 3 کے تحت کسی بھی پی سی ون کے کاموں کو مختلف حصوں میں تقسیم نہیں کیا جا سکتا جو کھلم کھلا قانون کی خلاف ورزی کر کے من پسند ٹھیکیداروں کو ٹینڈر ایوارڈ کرواتا ہے اس کو فوری بند کیا جائے انہوں نے مطالبہ کیا کہ پہلے سے رائج شدہ دس فیصد بیلو کو رائج کیا جائے ۔