کٹ گاڑیوں کے معاملے پر عدالتی فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے،فضل حکیم

January 22, 2021

پشاور(جنگ نیوز)کٹ گاڑیوں کے معاملے پر عدالتی فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا،عوام کو درپیش مسائل پر ضلعی انتظامیہ خصوصی توجہ دے گی، گاڑیوں کی چھان بین، ضابطگی اور حوالگی کے طریقہ کار کو سہل بنایا جائے گا تاکہ گاڑیوں کے مالکان خصوصاً مزدور کار کو قانونی راستہ اختیار کرتے ہوئے کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ چیئرمین ڈیڈک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کا مختلف سائلین سے گفتگو میں اظہار خیال۔ سوات کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کٹ گاڑیوں کے مالکان نے کٹ گاڑیوں کے حوالے سے ہونے والی کارروائی سے متعلق مسائل حل کرنے کے لئے ان کے آفس سیدو شریف میں ان سے ملاقات کی۔ مالکان نے مختلف مسائل کے حوالے سے چیئرمین کو گزارشات پیش کیں اور درخواست کی کہ گاڑیوں کے معاملے پر عدالتی حکم کا احترام کرتے ہوئے طریقہ کار کو سہل بنایا جائے اور جن گاڑیوں کے لوازمات مکمل ہوں ان کی واپسی کے لئے کاروائی جلد کی جائے۔ چیئرمین ڈیڈک نے عوامی شکایات سنیں اور وفد کو یقین دلایا کہ عدالتی حکم پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا جبکہ انتظامی امور پر ضلعی انتظامیہ سے بات چیت کرکے طریقہ کار کو آسان بنایا جائے گا تاکہ جن گاڑیاں کے حوالے سے قانونی تقاضے پورے ہوں وہ بر وقت مالکان کو واپس کی جاسکیں۔