جیجی حدید اور زین ملک نے اپنی بیٹی کا نام کیا رکھا؟

January 22, 2021

پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک اور فلسطینی نژاد امریکی سُپر ماڈل جیجی حدید نے مداحوں کو اپنی بیٹی کا نام بتا دیا۔

گزشتہ سال ستمبر میں زین ملک کی بیٹی کی والدہ بننے والی جیجی حدید نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ کی بائیو میں کچھ تبدیلی کی ہے۔

جیجی حدید نے اپنی انسٹاگرام بائیو میں میں لکھا ہے ’خائی موم‘ یعنی خائی کی والدہ۔

امریکی سُپر ماڈل کی بائیو دیکھ کر زین ملک اور اُن کے مداحوں کا انتظار ختم ہوگیا ہے کیونکہ گزشتہ کئی ماہ سے اُن کے چاہنے والے اُن کی بیٹی کا نام جاننے کے منتظر تھے۔

مختلف میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہجیجی حدید اور زین ملک نے اپنی بیٹی کا نام ’خائی‘ زین کی پھپھو ’خائیریاہ‘ کے نام پر رکھا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک اور جیجی کے ہاں گزشتہ برس ہی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔

زین ملک نے بیٹی کی پیدائش کی اطلاع مداحوں کو ایک سوشل میڈیا پیغام کے ذریعے دی تھی، زین ملک نے بیٹی کا ہاتھ اپنے ہاتھ میں تھامے ایک تصویر شیئر کی تھی اور ساتھ ایک جذباتی پیغام بھی لکھا تھا۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’میری بیٹی ہمارے ہاتھوں میں ہے جو خوبصورت اور صحتمند ہے، اپنے موجودہ احساسات کو الفاظ میں ڈھالنا ایک مشکل بلکہ ایک ناممکن کام ہوگا۔‘