صحت اور تندرستی بڑھانے والے گھروں کی اہمیت

January 24, 2021

دنیا بھر میں پھیلنے والی کووِڈ19-وَبا کے بعد صحت، عمر درازی، تعمیرات اور آرکیٹیکچر کے شعبے میں کام کرنے والے ماہرین تعمیراتی ڈیزائن میں تندرستی کو پہلے سے زیادہ اہمیت دینے لگے ہیں۔ تعمیرات میں انسانی تندرستی کا خیال رکھنے کے تصور نے گھر اور صحت کے مابین تعلق کو بھی اجاگر کیا ہے۔ ہم اپنے رہنے کی جگہوں (مکانات اور اپارٹمنٹس) کے ڈیزائن میں ضروری تبدیلیاں لاکر کس طرح انھیں اپنی بہتر صحت اور تندرستی کے لیے استعمال کرسکتے ہیں، ذیل میں یہی جاننے کی کوشش کی گئی ہے۔

عوام میں شعور اَجاگر کرنا

کیری کیلی، امریکن سوسائٹی آف انٹیریئر ڈیزائنرز کی چیئرپرسن ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ، ’’کووِڈ19-کے بعد ایک ’نیونارمل‘ دنیا اپنی جڑیں پکڑ رہی ہے۔ اس میں اگر تعمیرات کی بات کریں تو مادیت، صفائی ستھرائی اور بائیوفیلیا (تعمیرات کے ساتھ درختوں، پودوں اور ہریالی کا زیادہ سے زیادہ استعمال) جیسی چیزیں لوگوںکو خود کو محفوظ تصور کرنے میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔

ماہرِ تعمیرات (آرکیٹیکٹ)کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ایک گھر کو اس طرح ڈیزائن کرے کہ اس کے مکینوں کو گھر میں چلنے پھرنےمیں کوئی رکاوٹ محسوس نہ ہو اور وہاں ہوا کی گزرگاہ کا بھی اچھی طرح خیال رکھا گیا ہو۔ کووِڈ19-کے بعد کی دنیا میں آرکیٹیکچر میںصرف جمالیات کا ہی خیال نہیں رکھا جارہا بلکہ احساسِ تحفظ اور تندرستی نے اب پہلی ترجیح حاصل کرلی ہے‘‘۔

اندرونِ خانہ ہوا کا معیار بہتر بنانا

ترقی یافتہ دنیا میں گھروں میں ایئر ہینڈلرز کا استعمال عام سی بات ہے۔ ان ایئر ہینڈلرز کے استعمال کا مقصد گھر میں موجود ہوا سے ’فائن‘ اور ’الٹرا فائن‘ ذرات کو پاک کرنا ہے۔ یہ ایئرہینڈلرز ہوا میں موجود 2.5مائیکرو میٹر یا اس سے بھی چھوٹے ذرات کو صاف کرتے ہیں، جنھیں عمومی حالات میں انسان سانس کے ذریعے اپنے اندر جذب کرتا رہتا ہے۔

یہ ذرات مختلف بیماریوں کی شکل میں انسانی زندگی پر اثرانداز ہوتے ہیں اور انسانی زندگی کے لیے انہیں چھٹا بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔ پاکستان میں بھی اب گھروں اور دفاتر میں بتدریج ایئر فلٹرز کا استعمال ہونے لگا ہے، اور ماہرین کا خیال ہے کہ عام فلٹر ٹیکنالوجی کا استعمال بھی تمام اندرونِ خانہ ماحول میں لوگوں کو ان ذرات سے محفوظ رکھ سکتا ہے۔

تحقیق کا استعمال

ایک امریکی تعمیراتی ادارہ ’کے بی ہوم‘، مایو کلینک اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر نئے سال کے دوران فینکس، ایریزونا میں ایک ’ماڈل ہوم‘تعمیر کررہا ہے۔ اس ماڈل گھر کو تحقیقی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا، جہاں ماہرین یہ دیکھیں گے کہ اندرونِ خانہ اور گھر کے بیرونی حصے کے مختلف عناصر (جسمانی اور عضویاتی) وہاں کے مکینوں کے ذہنی دباؤ، تھکاوٹ یا مجموعی صحت پر اثرانداز ہوتے ہیں یا نہیں۔

اس تحقیق کی روشنی میں تعمیراتی ماہرین گھروں کے لیے ایسا تعمیراتی ڈیزائن تخلیق کریں گے، جو اس گھر میں رہنے والے مکین کے جسمانی یا بائیومیٹرک سگنل سے مطابقت رکھتا ہو اور اس کی مجموعی صحت اور تندرستی پر قابلِ ذکر حد تک تک مثبت طریقے سے اثرانداز ہو۔ اس طرح ڈیزائن کے ان مجوزہ اصولوں کو اپناتے ہوئے بڑے پیمانے پر عوام کی صحت میں بہتری لائی جاسکے گی۔

تعمیراتی ڈیزائن اور عمر درازی

دنیا کے ’بلیو زونز‘ جہاں دنیا کی پُرانی ثقافتیں پائی جاتی ہیں، ان کی نشاندہی کرکے پورے پورے شہروں اور ملکوں کو ان جگہوں پر آپٹمائز کیا جاسکتا ہے، جہاں انسان اپنا زیادہ تر وقت گزارتے ہیں۔ ہم جہاں رہتے ہیں، وہاں کی گلیوں، گھروں اور علاقوں کے ڈیزائن میں یہ طاقت ہوتی ہے کہ وہ ہمیں بیمار کردیں۔

ڈین بیوٹنر ایک مصنف اور محقق ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ، ’’ہم ریئل اسٹیٹ ڈیویلپرز کے ساتھ مل کر ایک ایسا ’مکسڈ یوز‘(ایک ہی جگہ رہائش، تفریح اور کمرشل ایریا) تعمیراتی منصوبہ ڈیزائن کررہے ہیں، جہاں مکینوں کو پیدل چلنے، اچھی اور صحت بخش اشیاکھانے اور پڑسیوں سے ملنے کے زیادہ مواقع میسر آئیںگے۔ یہ ایک ایسا منصوبہ ہوگا، جہاں ایک ہی جگہ پر گھر، ہسپتال، ہوٹل اور ریٹیل آؤٹ لیٹس موجود ہوں گے۔ فی مربع فٹ کے لحاظ سے یہ ہمارا اب تک کا سب سے زیادہ کثافت رکھنے والا پروجیکٹ ہوگا‘‘۔

فطرت سے رابطہ

تعمیراتی ڈیزائن میں فطرت کو شامل کرکے انسان اپنی صحت کا تحفظ کرسکتا ہے۔ فطرت سے براہِ راست رابطہ ذہنی تناؤ میں کمی اور جذبات میں استحکام پیدا کرتا ہے۔ نیز، انٹیریئر گارڈن کو شامل کرکے آپ ایک روشن زندگی گزار سکتے ہیں۔

تعمیراتی شعبہ سے وابستہ ماہرین کا خیال ہے کہ، کووِڈ19-اور مستقبل کے متوقع دیگر وَبائی امراض کے خطرات کے باعث لوگ اب اپنی صحت سے متعلق پہلے سے زیادہ فکرمند رہنے لگے ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ ہر چیز میں صحت اور تندرستی کو فوقیت دے رہے ہیں۔

سونے، کھانے پینے، گھریلو کام کاج کی انجام دہی اور خاندان کے ساتھ وقت گزاری وغیرہ کو ملا کر انسان اپنی روزمرہ زندگی کا ایک بڑا حصہ گھر میں گزارتا ہے، ایسے میں یہ بات انتہائی اہمیت اختیار کرجاتی ہے کہ ہمارے گھر اس طرح تعمیر کردہ ہوں، جو ہماری صحت اور تندرستی میں اضافے کا باعث بن سکیں۔